کرپشن نے سرکاری محکموں اور اداروں کی کارکردگی کو بری طرح متاثر کیا، معاشرے سے بدعنوانی کا خاتمہ کیا جانا چاہیے، قدوس بزنجو

کوئٹہ (انتخاب نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے عالمی یوم انسداد بدعنوانی کی مناسبت سے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ کرپشن ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے اور آج ہمیں درپیش دیگر چیلنجز کے ساتھ ساتھ بدعنوانی کے ناسور کا بھی سامنا ہے جس کے نقصانات معاشرے کو اس وقت تباہ کردیتے ہیں جب سماجی شعبوں کی بہتری کے لئے مختص فنڈز بددیانتی کی نظر ہوجائیں۔ بدعنوانی ایک ایسا ناسور ہے جو پائیدار ترقی، فلاحی ریاست، خوشحال معاشرے اور معاشی ترقی کے حصول میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، انہوں نے کہاکہ یہ وہ دیمک ہے جو ملک وقوم کی بنیادوں کو صرف کھوکھلا ہی نہیں کرتی بلکہ دنیا میں عزت ووقار سے جینے کا حق بھی چھین لیتی ہے، کسی بھی حکومت کی کامیابی کا انحصار اس کے شفاف اداروں پر ہے جہاں ایسے افراد ہوں جو ذاتی مفاد سے بالاتر ہوکر ملکی مفاد کے لئے کام کررہے ہوں، جب معاشرے میں لوگ خودغرض ہوکر ذاتی مفاد کو ملکی مفاد پر ترجیح دیں تو کرپشن یقینی ہوجاتی ہے جس سے معاشرے میں بے چینی پھیلتی ہے، انہوں نے کہا کہ بدعنوانی کے خلاف عوام میں شعور پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ میرٹ کو یقینی بناکر حقدار کو اس کا جائز حق دیا جاسکتا ہے، ہمیں بلاتفریق انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا ہوگا، اچھے کاموں پر صلہ اور برے کاموں پر سزا کی حکمت عملی اپنانی ہوگی جس سے معاشرے میں بدعنوانی کے خاتمے کو یقینی بنایا جاسکتا ہے اور عوام کی اپنے حقوق وفرائض سے آگاہی بھی ضروری ہے، انہوں نے کہا کہ بدعنوانی کے خاتمے میں نوجوان نسل بہت اہم کردار ادا کرسکتی ہے جو جرات سے کام لیتے ہوئے بدعنوانی کی نشاندہی کرے اور بدعنوانی سے انکار کرے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ کرپشن نے سرکاری محکموں اور اداروں کی کارکردگی کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ عوام کے سرمائے کا تحفظ اور اس کے درست استعمال کو یقینی بنانا ہماری قومی اور آئینی ذمہ داری بھی ہیانہوں نے کہا کہ گڈگورننس کا قیام اور بدعنوانی کا خاتمہ ہماری حکومت کے سب سے اہم مقاصد ہیں کیونکہ اس کے بغیر تعمیروترقی ممکن نہیں ہے، ہم اپنے مقاصد کے حصول کے لئے ان اداروں کو مضبوط کررہے ہیں جو بدعنوانی کے خاتمے کے لئے قائم کئے گئے ہیں، اس سلسلے میں محکمہ انسداد بدعنوانی اور وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم کو زیادہ سے زیادہ مستحکم کرنے پر توجہ دی جارہی ہے، انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت نیب کی کاوشوں میں ہمیشہ معاون رہی ہے، وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم اور نیب کے مابین کرپشن کی عفریت کو ختم کرنے کے لئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط حکومت بلوچستان اور قومی احتساب بیورو کی مشترکہ کاوشوں کا عکاس ہے کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ کرپشن ختم ہوگی تو ادارے مضبوط ہوں گے اور ترقی اور خوشحالی کی راہ ہموار ہوگی، انہوں نے کہا کہ یہ امر حوصلہ افزا ہے کہ نیب اس حوالے سے شعور وبیداری پیدا کرنے اور خاص طور سے نئی نسل کو آگہی فراہم کرنے کا کام بھی سرانجام دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ کرپشن میں ملوث عناصر سے وصول ہونے والی رقوم عوامی فلاح وبہبود کے منصوبوں پر خرچ کی جائے گی، انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں یہ پیسہ عوام کی امانت ہے اور انہی کی ترقی وخوشحالی پر خرچ کیا جانا چاہیئے انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ ہم سب مل کر بدعنوان عناصر کے خلاف نفرت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں معاشرے میں تنہا کردیں گے اس طرح ہم معاشرے کی اجتماعی قوت کو بروئے کار لاکر بدعنوانی کا راستہ روک سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں