بلوچ ہمارےدوست ہیں لیکن یہ پہاڑ ہمارے ہیں، پشتونوں کو اپنا وطن معلوم ہے، محمود خان اچکزئی
کوئٹہ (انتخاب نیوز) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ پشتون وطن معدنیات سے مالا مال ہے لیکن پشتون اولس معدنیات کے باوجود دردر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔ تمام اقوام کو ان کے وسائل مبارک ہمیں ہمارے پہاڑ عزیز ہیں پشتون اپنی سرزمین اور وسائل کا دفاع کرنا جانتے ہیں افغانستان میں بزور طاقت اقتدار کی منتقلی مسئلے کا حل نہیں اس کیلئے مل بیٹھنے کی ضرورت ہے پشتون علاقوں پر نئی جنگ کے سائے منڈلا رہے ہیں ہمیں بحیثیت قوم ان حالات کا ادراک کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سلیمان خیل کور کچلاک میں منعقدہ شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سینئر ڈپٹی چیئرمین عبدالرحیم زیارتوال، مرکزی سیکرٹری نواب محمد ایاز خان جوگیزئی، صوبائی صدر عبدالقہار ودان، عبدالرؤف لالا، سید لیاقت آغا، ڈاکٹر حامد خان اچکزئی،نعیم خان سلیمان خیل،حاجی محمد سلیمان خیل،یعقوب خان سلیمان خیل،عید گل خان،ولی گل خان،خدائے دوست سلیمان خیل،ستار خان سلیمان خیل،نعمت سلیمان خیل،محمد گل خان،نادر خان سلیمان خیل،سلیم خان سلیمان خیل،خان محمد،حاجی صاحب جان سلیمان خیل،حاجی محمد شاہ سلیمان خیل ودیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر نوجوان سیاسی و قبائلی رہنما گلاب خان خلجی نے اپنے سینکڑوں ساتھیوں عزیز و اقارب سمیت پشتونخوا ملی عوامی پارٹی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی، نواب محمد ایاز خان جوگیزئی سمیت تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ وہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کی مضبوطی اور فعالیت کیلئے قومی تحریک کو دوام دینے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے، محمود خان اچکزئی نے کہا کہ خوشی کا دن ہے کہ صاحب داد کے فرزند قوم قبیلے کے ساتھ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کا حصہ بن رہا ہے ہر شخص کو پارٹی میں خوش آمدید کہتے ہیں لشکر کا وقت آیا ہے جب بڑے بڑے اجتماع میں لوگ اس قافلے کا حصہ بنیں گے۔ پشتون اولس وہ واحد قوم ہے جب وہ ایک دوسرے کو ہاتھ دیکر حال احوال دریافت کرتے ہیں۔ اوپر آسمان نیچے افغان ہے یہ واحد قوم ہے جس نے 5 ہزار سال میں پشتون ایک دسترخوان پر بیٹھتے ہیں۔ پشتون ایک سیال قوم ہے یہ واحد ملت ہے جس نے زمین کو ایک ایک فٹ تقسیم کیا ہے۔ ایک ایک پتھر تقسیم ہوا ہے ہمارا وطن معلوم ہے۔ ایک بات جو سب سے نقصان دہ ہے وہ یہ کہ ہم گھر گھر ایک دوسرے کے مخالف ہے۔ وہ بندوق جو بھابھی کو بیوہ بنا رہا ہے وہ نہیں چاہیے ہمیں، انہوں نے کہا کہ ایک رشتہِ ہمارا پشتون اولس اور دوسرا اللہ اور رسول کے ساتھ ہیں۔ یہ بحث قیامت تک جاری رہے گا کہ دنیا کیسے پیدا ہوئی ہمارا مسئلہ یہ ہے کہ ہم پشتون اولس کو کیسے خوشحال رکھ سکے۔ اس اسمبلی میں ترکئی توخئی بیٹھے ہوں گے۔ پنجاب میں سلیمان خیل آباد ہیں ہمیں کسی سے مسئلہ نہیں سارے اللہ کے بندے ہیں ہم کسی کا سر نہیں کاٹ سکتے کہ آپ کیوں یہودی ہے یا عیسائی لیکن ایک درخواست ہے کہ ہم پشتون اور مسلمان ہے آپ ہمارے مسجد کو پتھر نہ مارے ہم آپ کی عبادت گاہ کو پتھر نہیں ماریں گے۔ دین محمدیؐ میں زبردستی نہیں ہے۔ اگر کسی بات سے کسی انسان کی دل آزاری ہوتی ہے تو اپنے آپ کے ساتھ وعدہ کرے کہ ہم وہ بات نہیں دھرائیں گے۔ بلوچ ہمارا دوست ہے اللہ تعالی ہر کسی کا وطن گل گلزار کرے لیکن یہ پہاڑ ہمارے ہیں اس کیلئے ہم نے جانیں دی ہیں۔ ہم نے اپنے اس ہاتھ سے دبئی و کراچی بنائے لوگ ہمیں بدنام کرنے کیلئے ہیروئنی و چرسی قرار دیتے ہیں تو پھر یہی لوگ انہی سے اپنے گھر و بیٹی کا تحفظ کیوں کراتے ہیں۔ پاکستان خوبصورت ملک ہے خان عبدالصمد اچکزئی نے پاکستان کی آزادی کے بعد ورور پشتون پارٹی بنائی اور پشتون اولس پر مشتمل صوبہ کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ خان صمد خان نے اس وقت سب کو یکجا ہونے کا مطالبہ کیا آج پوری پشتون اولس پشتون وطن کیلئے جدو جہد کررہے ہیں۔ 14 دسمبر سرکار میں میری تاریخ پیدائش ہے اور آپ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں۔ پشتونوں کو اپنے حدود معلوم ہیں ظالم کا مقابلہ مل کر کرنا ہوگا اگر کسی ظالم کو روک نہیں سکتے تو پھر کسی ظالم کو اپنی خوشی دعوت میں نہ بلائیں اور نہ ہی ان کے پاس جائیں۔ یہاں سے افغانستان میں مداخلت نہیں ہونا چاہیے بزور طاقت حکمرانی تبدیل کرنے کیلئے مل بیٹھ کر مشاورت کی ضرورت ہے پاکستان سمیت دنیا ہمارے وطن پر جنگ میں قصور وار ہیں ہمیں خیرات نہیں چاہیے۔ دنیا جہاں کی نعمتیں ہمارے وطن میں ہیں ہمارے وطن پر ایک اور جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔


