پنجاب اور کے پی اسمبلیاں 17 دسمبر کو توڑ دیں گے، قومی اسمبلی میں بھی دوبارہ استعفے دیں گے، عمران خان

لاہور (انتخاب نیوز) سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ وہ 17 دسمبر کو پنجاب اور خیبر پختونخوا کی صوبائی اسمبلیاں توڑنے کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ 17 تاریخ کو لبرٹی چوک پر تحریک انصاف کا اجتماع ہوگا جہاں وہ دونوں اسمبلیوں کی تحلیل کے حوالے سے اعلان کریں گے۔ عمران خان نے یہ بھی کہا کہ ان کے ارکان قومی اسمبلی ایوان میں جاکر دوبارہ استعفے دیں گے جس کے بعد 70 فیصد ملک الیکشن موڈ میں چلا جائے گا، عقل تو یہ کہتی ہے کہ اگر 70 فیصد ملک میں انتخابات کرانے ہیں تو بہتر ہے کہ عام انتخابات ہی کرادیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ قانون کہتا ہے جیسے اسمبلی ختم ہوتی ہے 90 دن کے اندر الیکشن ہو لیکن ان چوروں کا مقصد اپنے کرپشن کیسز ختم کرانا ہے، پہلے پرویز مشرف اور اب جنرل باجوہ کی بدولت ان کی سلیٹ صاف ہوگی، سلیٹ صاف ہونے کے بعد یہ امید لگا کر بیٹھے ہیں کہ ملک کو لوٹنے کیلئے ان کا راؤنڈ تھری آئے گا، ان چوروں کو الیکشن کرانے میں کوئی دلچسپی نہیں، ان کو ڈر ہے الیکشن ہارگئے تو ان کے کرپشن کیسز سامنے آجائیں گے، ان چوروں کا مفاد اور پاکستان کا مفاد مختلف ہے۔ اپنی پریس کانفرنس میں عمران خان نے کہا کہ شرمناک طریقے سے بڑے ڈاکوؤں کے کیسز ختم کیے جارہے ہیں، ہم تباہی کے کنارے پر کھڑے ہیں، ہماری معیشت تباہی کی طرف جارہی ہے، معیشت اس لیے تباہ ہورہی ہے کہ ہمارے ملک میں انصاف نہیں، بڑے ڈاکو جو مفرور تھے آج وہ واپس آرہے ہیں اور ان کے کیسز ختم ہورہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں