پنجاب اسمبلی کا اجلاس جمعے تک ملتوی، وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کا اعتماد کا ووٹ لینے کا چانس ختم
لاہور (انتخاب نیوز) کیا کل گورنر پنجاب بلیغ الرحمان وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالہٰی کو ہٹانے کا نوٹیفکیشن جاری کریں گے؟ کیوں کہ وزیراعلیٰ کی جانب سے کل اعتماد کا ووٹ لینے کا چانس ختم ہوگیا، اسپیکر پنجاب اسمبلی نے اجلاس جمعے تک ملتوی کردیا۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی کے اس فیصلے کے بعد پی ڈی ایم اور اتحادیوں کی حکمت عملی کیا ہوگی؟ سب کو انتظار ہے کہ پی ڈی ایم اب کیا کرے گی۔ اس سے قبل ن لیگ کے مشاورتی اجلاس میں طے ہوا تھا کہ اگر کل اعتماد کا ووٹ نہ لیا تو چوہدری پرویز الہٰٰی کو وزارت اعلیٰ سے ہٹا دیا جائے گا۔ اسپیکر سبطین خان کی زیرصدارت پنجاب اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا تو اپوزیشن نے کورم کی نشاندہی کردی۔ کورم پورا نہ ہونے پر اجلاس 5 منٹ کیلئے ملتوی کیا گیا۔ بعد ازاں اسپیکر نے ایجنڈے پر موجود تمام کارروائی کو جمعہ تک کیلئے مو¿خر کردیا اور رولنگ دی کہ آج کی کارروائی ختم ہوگئی لہٰذا جمعے تک اجلاس ملتوی کیا جاتا ہے۔ اسپیکر نے اسمبلی کا اجلاس جمعے کی دوپہر 2 بجے تک ملتوی کردیا۔ دوسری جانب اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے گورنر بلیغ الرحمان کے طلب کردہ اجلاس کو غیر آئینی قرار دے دیا۔ اسپیکر نے دو صفحات پر مشتمل رولنگ جاری کی۔اسپیکر پنجاب اسمبلی کی رولنگ میں کہا گیا ہے کہ پنجاب اسمبلی کا اجلاس 23 اکتوبرکی ریکوزیشن کےمطابق پہلے ہی چل رہا ہے، جب تک موجودہ سیشن ختم نہیں ہوتا، گورنر نیا اجلاس نہیں بلاسکتے ،عدم اعتماد کی کارروائی صرف اسی مقصدکیلئے بلائے گئے خصوصی اجلاس میں ممکن ہے۔ رولنگ میں کہا گیا ہے کہ خصوصی سیشن موجودہ سیشن ختم ہونے پر ہی بلایا جاسکتا ہے، منظور وٹو کیس میں عدالت نے قرار دیا تھا کہ وزیراعلیٰ کو اعتماد کے ووٹ کیلئے کم از کم 10 دن دیے جائیں، رولز آف پروسیجر کے مطابق رواں سیشن میں وزیر اعلیٰ کو اعتماد کے ووٹ کیلئے نہیں کہا جاسکتا۔ رولنگ میں کہا گیا ہے کہ رولز کے مطابق گورنر کا وزیراعلیٰ پنجاب کو اعتماد کا ووٹ لینے کا کہنا آئین کے مطابق نہیں، گورنر کی ہدایت پر عمل درآمد ممکن نہیں اس لیے اسے مسترد کیا جاتا ہے۔ اسپیکرپنجاب اسمبلی سبطین خان نے آئین کے آرٹیکل 130 (7) کے تحت رولنگ جاری کی ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز اپوزیشن نے وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی، اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان اور ڈپٹی اسپیکر واثق قیوم کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرادی ہے جبکہ گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کو اسمبلی سے 21 دسمبر کو اعتماد کا ووٹ لینے کا کہا ہے تاہم اسپیکر اسمبلی اجلاس بلانے سے انکار کرچکے ہیں۔


