او آئی سی کے رکن ممالک مجرموں کو محفوظ مالی پناہ گاہوں سے روکیں، اعظم نذیر تارڑ

اسلام آباد (انتخاب نیوز) وفاقی وزیر برائے قانون وانصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے او آئی سی کے رکن ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ مجرموں کو محفوظ مالی پناہ گاہوں سے روکیں اور چوری شدہ اثاثوں کی بازیابی اور واپسی کیلئے تمام رکاوٹیں دور کرنے کے لئے اقدامات کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو مکہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے او آئی سی کے رکن ممالک کے انسداد بدعنوانی قانونی نفاذ تعاون کیلئے مکہ المکرمہ کنونشن کے شاندار اقدام پر سعودی عرب کی قیادت کو سراہاہے۔انہوں نے کہا کہ کنونشن او آئی سی کے رکن ممالک کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط کرے گا اور بدعنوانی کی لعنت سے نمٹنے کے لئے مسائل کی نشاندہی اور بہترین طریقوں کے اشتراک میں مدد کرے گا۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بدعنوانی ایک کثیر جہتی مسئلہ ہے جس کے سماجی، معاشی اور سیاسی اثرات ہیں۔ اعظم نذیر نے رکن ممالک پر زور دیا کہ وہ مجرموں کو مالی محفوظ پناہ گاہوں سے انکار کریں اور چوری شدہ اثاثوں کی بازیابی اور واپسی کے لیے تمام رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے اقدامات کریں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ کنونشن او آئی سی کے رکن ممالک کے درمیان تعاون کو بہتر بنانے کی راہ ہموار کرے گا اور جرائم سے حاصل ہونے والی آمدنی کی واپسی میں سہولت فراہم کرے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں