بنوں آپریشن، 25 شدت پسند ہلاک، 2 سیکورٹی اہلکار جاں بحق، ترجمان پاک فوج
بنوں (انتخاب نیوز) بنوں پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے یرغمال بنائے گئے سی ٹی ڈی اہلکاروں کی بازیابی کیلئے آپریشن کے دوران 25 شدت پسند مارے گئے جبکہ 11نے ہتھیار پھینک کر گرفتاری دیدی، فائرنگ کے تبادلے میں 2سکیورٹی اہلکار جاں بحق ہوگئے، اس سے دو دن قبل سی ٹی ڈی مرکز پر قبضے کے دوران 2 سی ٹی ڈی اہلکاروں کو جاں بحق کردیا گیا تھا۔ ایک یرغمالی کی جاں بحق کی اطلاع بھی دی گئی ہے۔ دو روز قبل سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ پر شدت پسندوں نے حملہ کرکے اہلکاروں کو یرغمال بنالیا تھا اور انہیں رہا کرنے کے عوض مختلف مطالبات پیش کیے تھے جن میں افغانستان یا وزیرستان کی طرف محفوظ راستہ دینے کا مطالبہ بھی شامل تھا۔ اطلاعات کے مطابق شدت پسندوں سے مذاکرات کی کوشش کی گئی تاہم ناکامی کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو مکمل سیل کرکے گھیرے میں لیا اور آپریشن شروع کردیا، جس میں ہیلی کاپٹر اور فوج کے ایس ایس جی (اسپیشل سروسز گروپ) کے کمانڈوز نے بھی حصہ لیا۔


