سندھ میں غیر قانونی طور پر آنے والے غیر ملکیوں کو واپس بھیجنے کا فیصلہ
کراچی : سندھ میں غیر قانونی طور پر آنیوالے غیر ملکیوں کو واپس بھیجنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے غیر قانونی طور پر آنے والے غیر ملکیوں کو واپس بھیجنے کا فیصلہ کرلیا۔وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس میں چیف سیکریٹری سہیل راجپوت، ڈی جی رینجرز میجر جنرل اظہر، آئی جی پولیس غلام نبی میمن، پرنسپل سیکریٹری فیاض جتوئی، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ اور دیگر اداروں کے افسران نے شرکت کی۔مراد علی شاہ نے کہا کہ دہشت گرد تنظیمیں ملک میں دوبارہ امن و امان خراب کرنا چاہتی ہیں، ہم اپنے ملک، صوبے اور شہروں میں دہشت گردوں کو دوبارہ اٹھنے نہیں دیں گے۔وزیراعلیٰ سندھ نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن تیز کرنے کی ہدایت دی جبکہ سندھ پولیس اور دیگر انٹیلی جنس اداروں میں کوآرڈینیشن بڑھانے کا مکینزم بنایا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ تمام انٹیلی جنس کے اداررے روزانہ کی بنیاد پر ایک دوسرے رابطے میں رہیں۔وزیراعلیٰ نے اسٹریٹ کرائم پر بھی پولیس کو اہم ہدایات دیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور رینجرز اسٹریٹ کرائم کے خلاف سخت کارروائی کریں۔ انہوں نے ڈی جی رینجرز کو پیٹرولنگ بڑھانے کی بھی ہدایت دی جبکہ اسٹریٹ کرائم میں پراسیکیوشن کو بھی مزید بہتر کرنے کا فیصلہ کیا۔


