کوئٹہ سمیت بلوچستان کے متعدد اضلاع میں سردی کی لہر، بجلی کی بندش اور گیس پریشر میں کمی سے لوگوں کو مشکلات
کوئٹہ، پنجگور، قلات (انتخاب نیوز) بلوچستان میں شدید سردی کی لہر، کوئٹہ میں سردی کی شدت برقرار کم گیس پریشر اور بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے عوام پریشان ہیں۔ کوئٹہ کے بیشتر علاقوں میں گیس پریشر کی کمی کے سبب عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے،خواتین کو امور خانہ داری میں مشکلات کا سامنا ہے، گیس پریشر کی کمی کے بعد کیسکو نے لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بڑھا دیا،جس کی وجہ سے شدید سردی میں عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بجلی کو 2فیز کر دیا ہے، جسکی وجہ سے عوام کو پینے کے پانی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، ظلم کی بات یہ ہے کہ بل نہ دینے والوں کی سزا کیسکو تمام صارفین کو دیتا ہے جو ہر مہینے بل جمع کرتے ہیں۔ پارلیمانی کمیٹی 27دسمبر کے بعد اسلام آباد جا کر وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں کوئٹہ سمیت بلوچستان میں گیس پریشر میں کمی بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ چمن کراچی شاہراہ کی تعمیر میں تاخیر سمیت دیگر ایشوز پر بات کرے گی۔ علاوہ ازیں بلوچستان کے ضلع پنجگور میں گزشتہ ایک ہفتے کے کم و بیش سے تیز ہواؤں کی وجہ سے سردی کی شدت میں شدید اضافہ ہوا ہے بجلی گیس سوختنی لکڑیاں نہ ہونے کی وجہ سے شہری ٹھٹھر گئے۔ عوامی سیاسی سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں گیس کے ذخائر ہونے کے ساتھ پاک ایران بارڈر کے قریب ترین ضلع پنجگور ہے اس وقت ایران میں گیس کی قیمتیں پاکستان سے انتہائی کم ہیں یہاں کے شہری ایران سے گیس لانے کی خود ساختہ بندیش کی وجہ سے پنجگور کے شہری مختلف علاقوں خاران تفتان تربت و دیگر سے آنے والے گیس پر انحصار کررہے ہیں وفاقی حکومت کی قانونی آئینی زمہ داری ہے کہ وہ ملک کے دیگر شہریوں کی طرح پنجگور کے عوام کی جان و مال کی تحفظ کو یقینی بنانا ہے لیکن افسوس بلوچستان میں گیس کے ذخائر و پنجگور ایران بارڈر کے قریب ہونے کے باوجود بھی وفاقی اداروں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے پنجگور سہولیات سے محروم ہے انہوں نے کہا ہے کہ شدید سردی کی وجہ سے چھوٹے نومولود بچے و ضعیف العمر لوگوں میں سردی سے جنم لینے والی مختلف بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہے لہذا وفاقی حکومت بلوچستان کے گیس کو پنجگور تک لانے میں سنجیدہ نہیں ہیں لیکن اس سے سہل ایران بارڈر پر گیس کی پابندیاں ختم کرکے لوگوں کے مشکلات کو کم کریں۔ دریں اثناء قلات شہر اور گردونواح شدید سردی کی لپیٹ میں آگئے سائبیریا سے آنے والی خشک اور یخ بستہ ہواؤں کی وجہ سے درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے چلا گیا ہے۔محکمہ موسمیات قلات کے مطابق شہر اور گردونواح میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 7- ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے شدید سردی کی وجہ سے پانی کے نلکوں سڑکوں نالیوں اور دیگر علاقوں میں کھڑا پانی جم گیا ہے دوسری جانب شدید سردی میں سوئی گیس کی بندش اور بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ ٹرپنگ وولٹیج میں کمی اور ٹوفیس سے شہریوں کو شدید سردی میں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔


