بلوچوں سے برابری اور بلوچستان کو تقسیم کرنیوالے محمود خان پہلے پشتون علاقوں میں نئے ضلع بھی نہ بنا سکے، عبدالشکور مری
کوئٹہ (انتخاب نیوز) پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عبدالشکور مری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی نے اپنے ٹیوٹر بیان میں بلوچستان میں بلوچ قوم سے برابری اور بلوچستان کو تقسیم کی بات کی ہے لیکن پہلے تو اچکزئی صاحب اپنی پارٹی کے اندر مساوات لائیں اور بعد میں بلوچوں سے برابری کی بات کریں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کا موسم قریب آتے ہی اس طرح کے بیانات داغ دیے جاتے ہیں، بلوچ سیاسی لیڈر شپ اور جماعتوں نے کبھی بھی اچکزئی صاحب کے صوبہ بنانے کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنی وہ جب چاہیں بلوچستان کے پشتون علاقوں پر مشتمل صوبہ بنائیں، خوشی ہوگی لیکن یہ کام اس وقت کرتے جب انکی جماعت 5 سال حکومت میں تھی، موصوف کے بھائی گورنر کے منصب پر بھی فائز تھے اس وقت کیوں صوبے کی بات نہیں کی گئی، صوبہ تو کجا دوران اقتدار قلعہ عبداللہ میں بھی کوئی نیا ضلع نہیں بناسکے اور اب تقسیم اور نفرت کی باتیں کرکے پشتون قوم کی ہمدردی حاصل کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ بلوچ اور پشتون دونوں برادر اقوام ہیں اگر پشتون کو صوبہ دیا جائے جو بھی نام سے تمام پشتون قوم کی مشاورت سے پشتون اضلاع پر صوبہ دیا جائے۔


