قانون شکنی کرنیوالے رعایت کے مستحق نہیں، گوادر میں امن و امان کیلئے خصوصی پلان ترتیب دیا جائے، ضیا لانگو

کوئٹہ (انتخاب نیوز) صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے ضلع مکران کی ضلعی انتظامیہ اور اعلیٰ افسران سے ٹیلی فونک رابطے میں انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ حق دو تحریک دھرنے کے حوالے سے سکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کریں اور موثر باہم کوارڈی نیشن سے امن وامان کی فضا کو ہر صورت یقینی بنائیں۔ وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ شہریوں کے جان ومال کا تحفظ بلوچستان پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، جسے ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور شرپسند عناصر کی جانب سے نقص امن کی کسی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے افسران کو مزید ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ جرائم کنٹرول کے حوالے سے بہتر سے بہتر نتائج دیں۔ جبکہ ضلع گوادر میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کیلئے اسپیشل ایکشن پلان ترتیب دیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ ہوائی فائرنگ کی روک تھام کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں اور شاہراوں پر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث قانون شکنوں کو کوئی رعایت نہ دی جائے۔ دوران ٹیلیفونک رابط وزیر داخلہ نے ضلع مکران میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور جرائم کے اعداد و شمارکا جائزہ لیا گیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ یونیفارم کا تقدس خراب کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، ڈسپلن کی خلاف ورزی پر سخت ایکشن لیا جائے اور ذمہ داران کو قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں۔ وزیر داخلہ بلوچستان نے کہا کہ شہریوں میں احساس تحفظ کی فضا اجاگر کرنے کیلئے پبلک سینٹرل پولیسنگ کے تحت بھرپور اقدامات کیے جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں