پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے قومی اتفاق رائے کی ضرورت ہے، آرمی چیف جنرل عاصم منیر

کراچی (انتخاب نیوز) آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان انتہائی نازک موڑ سے گزر رہا ہے، معیشت اور تخریب کاری کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے قومی اتفاق رائے کی ضرورت ہے۔ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل عاصم منیر نے پاکستان نیول اکیڈمی کراچی میں مختلف کورسز کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شرکت کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب سے خطاب میں آرمی چیف نے کیڈٹس کو پاکستان کی سمندری سرحدوں کے محافظ بننے پر مبارک باد دی اور کہا کہ ٹیکنالوجی کی ترقی کے باعث سمندری شعبہ مسلسل تبدیل ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری ٹائم ڈومین مسلسل بدل رہی ہے، وہی بحری افواج غالب ہوں گی جو جنگ کے جدید رجحانات سے ہم آہنگ ہوں گی۔ آرمی چیف نے کہا کہ مستقبل میں نیوی کاکردار انتہائی اہمیت کاحامل ہوگا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس میں انعامات تقسیم کیے۔ قائداعظم گولڈ میڈل لیفٹیننٹ کاشف عبدالقیوم کو دیا گیا، مڈشپ مین نوفل ملک کو بہترین کارکردگی پر اعزازی شمشیر دی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ملیر گیریژن کا بھی دورہ کیا، آرمی چیف نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر رکھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں