دکی میں کول مائنز ٹھیکیدروں سے بھتہ اور ٹرکوں پر فائرنگ کیخلاف کوئٹہ لورالائی شاہراہ احتجاجاً بند

دکی (انتخاب نیوز) دکی میں مندے ٹک کے مقام پر بدامنی، بھتہ گیری اور کول مائنز کے ٹرکوں پر فائرنگ کیخلاف پہیہ جام ہڑتال کی وجہ سے مسافر اور مال برادر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ کول مائنز معراج ایریا کے پیٹی ٹھیکیداران نے احتجاج کرتے ہوئے مندے ٹک کے مقام پر لورالائی کوئٹہ شاہراہ پر رکاوٹیں کھڑی کرکے شاہراہ بند کرکے پیہہ جام ہڑتال کی۔ معراج ایریا کے کول مائنز سے وابستہ ٹھیکیداران نے شاہراہ پر ٹائر جلاکر احتجاج کیا۔ مظاہرین نے رکاوٹیں کھڑی کرکے ٹریفک بند کردیا۔ پیہہ جام ہڑتال کی وجہ سے مسافر اور مال بردار درجنوں گاڑیاں دونوں جانب دن بھر پھنسی رہیں۔ اس موقع پر ٹھیکیدار ظریف خان ناصر، عبدالواحد ناصر، حمید خان ناصر اور دیگر نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہڑتال کول مائنز ٹھیکیداران سے بھتہ لینے والے ملزمان کیخلاف ہے، بھتہ لینے والے ملزمان کی گرفتاری تک احتجاج جاری رہیگا۔ انہوں نے کہا کہ معراج ایریا میں ٹرکوں پر آئے روز فائرنگ کرکے نشانہ بنایا جاتا ہے۔ کول مائنز ٹھیکیداران سے بھتہ طلب کیا جارہا ہے، ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج ہونے کے باجود انہیں گرفتار نہیں کیا جاتا اور آئے روز ٹرکوں پر فائرنگ کرکے انہیں نقصان پہنچایا جاتا ہے مگر انتظامیہ اور پولیس ٹس سے مس نہیں ہورہی۔ کوئلے کی ترسیل کی بندش سے ٹھیکیداران کا کروڑوں روپے کے نقصانات ہوچکے ہیں۔ بعد ازاں مظاہرین کے ساتھ اسسٹنٹ کمشنر دکی اور ایس پی دکی سردار نصر اللہ حمزہ زئی نے کامیاب مذاکرات کیے جسکے بعد روڈ کو کل دن دس بجے مطالبات کے تسلیم ہونے تک مسافر بردار گاڑیوں کیلئے کھول دیا گیا جبکہ مال برادر اور کوئلے سے لوڈ ٹرکوں کو تاحال جانے کی اجازت نہیں، جسکی وجہ سے سی سیکڑوں کوئلے سے لوڈ ٹرک تاحال مندر ٹک کے مقام پر کھڑے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں