گوادر کی صورتحال پر اعلیٰ سطحی اجلاس، ترقیاتی منصوبوں میں مقامی لوگوں میں احساس ملکیت اجاگر کیا جائے، چیف سیکرٹری

کوئٹہ (انتخاب نیوز) گوادر کی صورتحال کے جائزہ کے لیے چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، محکمہ ماہی گیری، محکمہ پی ایچ ای، محکمہ کھیل، محکمہ اطلاعات کے سیکرٹریوں اور سی ای او کیسکو کی اجلاس میں شرکت۔ کمانڈر مکران، ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے اور ڈپٹی کمشنر گوادر بذریعہ ویڈیولنک اجلاس میں شریک ہوئے۔ متعلقہ اداروں کے حکام کی جانب سے اجلاس کو امن و امان اور گوادر کی صورتحال کے حوالے سے دیگر امور پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں گوادر میں امن و امان اور تجارتی سرگرمیوں کی بحالی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں صورتحال کو معمول پر لانے کے لیے گرانقدر تعاون پر گوادر کے عوام کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ گوادر شہر میں تجارتی مراکز، پیٹرول پمپ، بینک اور دکانیں کھل گئی ہیں۔ گوادر میں موبائل ٹیلیفون سروس بحال ہوگئی ہے۔ گوادر کے شہری خوف کی فضا سے نکل کر معمولات زندگی میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں۔ گوادر میں سیاحتی سرگرمیاں بھی بتدریج بحالی کی جانب گامزن ہیں۔ گوادر پورٹ پر لنگر انداز جہاز سے گندم اتارنے اور اسکی ٹرانسپورٹیشن کا کام جاری ہے، جس میں مقامی اور غیر مقامی مزدور حصہ لے رہے ہیں۔ سیکرٹری فشریز نے اجلاس کو بتایا کہ غیر قانونی ٹرالنگ کی سختی سے روک تھام کے لیے گن بوٹ پر مشتمل مشترکہ پیٹرولنگ جاری ہے۔ غیر قانونی ٹرالنگ اور بدعنوانی میں ملوث محکمہ فشریز کے اہلکاروں کیخلاف کارروائی کی گئی ہے۔ تین سال سے زائد تعینات عملے کو تبدیل کردیا گیا ہے۔ چیف سیکرٹری بلوچستان نے ہدایت کی کہ گوادر کے عوام کو شہری سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ شہر کے کسی بھی حصے میں صاف پانی کی کمی نہ ہونے دی جائے۔ گوادر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم کیا جائے۔ شہر میں سیاحتی اور تفریحی سرگرمیوں اور سہولتوں میں مزید اضافہ کیا جائے۔ مقامی ماہی گیروں کے روزگار کا تحفظ اور انہیں بنیادی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ ترقیاتی منصوبوں میں گوادر کے عوام میں احساس ملکیت اجاگر کیا جائے۔ روایتی سبی میلہ اور پی ایس ایل کی طرز پر گوادر میں واٹر اسپورٹس کرکٹ اور دیگر کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں