افغانستان ٹی ٹی پی کی کارروائیاں بند کرائے پاکستان،اشتعال انگیزی سے گریز کیا جائے، طالبان
اسلام آباد:وزیر مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا کہ ہم پڑوسیوں سے اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں، افغانستان کو بتا دیا کہ پاکستان کی سلامتی ہماری ریڈ لائن ہے، نجی ٹی وی کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی خارجہ کے ان کیمرہ اجلاس میں وزیر مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر نے دورہ افغانستان بارے بریفنگ دی، وزیر مملکت برائے خارجہ نے واضع کیا کہ ہمارے خلاف کالعدم ٹی ٹی پی کی کارروائیاں بند ہونی چاہئیں،انہوں نے اجلاس میں بتایا کہ افغان حکام نے بھرپور تعاون کیا، افغان حکام نے یقین دلایا کہ ان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہوگی۔کابل افغان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے افغانستان اور پاکستان کے درمیان تعلقات پر کہا ہے کہ امارت اسلامیہ افغانستان پاکستان سمیت اپنے تمام پڑوسیوں کے ساتھ اچھے ہمسائے کے طور پر بہتر تعلقات چاہتی ہے،ان تمام وسائل و ذرائع پر یقین رکھتی ہے جو اس ہدف تک ہمیں پہنچاسکتے ہیں۔جاری بیان میں ذبیح اللہ مجاہد نے کہاکہ حالیہ دنوں پاکستانی حکام کی جانب سے افغانستان کے خلاف بیانات دئیے جارہے ہیں جو قابل افسوس ہیں۔انہوں نے کہاکہ امارت اسلامیہ اپنی پوری کوشش کر رہی ہے کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان یا کسی بھی ملک کے خلاف استعمال نہ ہو۔انہوں نے کہاکہ ہم اس مقصد کیلئے پوری طرح سنجیدہ ہیں، پاکستانی فریق کی بھی ذمہ داری بنتی ہے کہ حالات کو قابو رکھنے کی کوشش کرے،بے بنیاد باتوں اور اشتعال انگیز خیالات کے اظہار سے احتراز کرے کیوں کہ ایسی باتیں اور بداعتمادی کی فضا کسی فریق کے مفاد میں نہیں۔


