حسین حقانی کا عمران خان کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کرنے کا عندیہ
امریکا میں پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی نے کہا ہے کہ انہوں نے اپنے وکلا کو چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے اپنے خلاف سازشی نظریات کا ہتک عزت کے قوانین کے دائرے میں آنے کا جائزہ لینے کی ہدایت کردی ہے۔ رپورٹ کے مطابق لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نے دعویٰ کیا تھا کہ سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ نے جولائی 2021 میں حسین حقانی کو امریکا میں لابنگ کے لیے ہائر کیا تھا، جنہوں نے وہاں ان کے خلاف مہم چلائی اور جنرل باجوہ کی تشہیر کی۔عمران خان نے مزید دعویٰ کیا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو دوبارہ اقتدار میں آنے سے روکنے کے لیے جنرل (ر) باجوہ کا ’سیٹ اَپ‘ اب بھی اسٹیبلشمنٹ میں سرگرم ہے۔گزشتہ ماہ آن لائن پوسٹ کی گئی دستاویزات میں یہ دعویٰ سامنے آیا تھا کہ اسلام آباد میں سی آئی اے کے ایک سابق اسٹیشن منیجر رابرٹ گرینیئر کو جولائی 2021 میں امریکا میں پی ٹی آئی حکومت کے لیے لابنگ کرنے کے لیے ہائر کیا گیا تھا، جس نے بعد ازاں چند تحقیقی امور کے لیے حسین حقانی کی خدمات حاصل کی تھیں۔


