حق دو تحریک کے متعدد کارکنان کی ضمانت منظور، گرفتار رہنما تفتیش کیلئے کرائم برانچ کوئٹہ منتقل
گوادر (انتخاب نیوز) حق دو تحریک کے رہنماء مزید تفشیش کے لئے کرائم برانچ کوئٹہ منتقل۔ گوادر شہر میں انٹر نیٹ سروس بحال کردی گئی۔ عدالت نے ہنگامہ آرائی کے الزام میں گرفتار حق دو تحریک کے کارکنان کی ضمانت منظور کرلی۔ حق دو تحریک کے گرفتار اہم رہنماؤں حسین واڈیلہ، یعقوب جوسکی اور شریف میانداد سمیت دیگر کارکنوں کا مقدمہ گوادر پولیس نے کرائم برانچ کوئٹہ کے حوالے کیا ہے جس کے بعد گرفتار رہنماؤں کو مزید تفشیش کیلئے کرائم برانچ کوئٹہ منتقل کیا گیا ہے۔ تاہم گوادر شہر میں امن و امان کی خراب صورتحال کے پیش نظر گزشتہ ایک ہفتے سے بند موبائل اور پی ٹی سی ایل انٹرنیٹ سروس کو مکمل طور پر بحال کردیا گیا ہے۔ دریں اثناء عدالت نے 20 کے قریب حق دو تحریک کے کارکنوں کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے ان کو رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔ یاد رہے کہ حق دو تحریک کے مذکورہ کارکنوں کو کوسٹل ہائی وے سربندن کراس کو بلاک کرنے اور ہنگامہ آرائی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔


