مظفرآباد، بس کھائی میں گرنے سے 6 افراد جاں بحق، کمالیہ میں ٹریکٹرٹرالی ٹرین سے ٹکرا گئی، 4 افراد زخمی
مظفرآباد(انتخاب نیوز) مظفرآبادمیں مسافر بس گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور8زخمی ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق راولپنڈی سے کھاوڑہ میراں کلاں جانے والی مسافر بس رحیم کوٹ میں حادثے کا شکار ہوگئی ، خطرناک موڑ کاٹتے ہوئے مسافر بس گہری کھائی میں گرنے سے 6افراد جاں بحق جبکہ 8زخمی ہوگئے۔مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے زخمیوں کو بس سے باہر نکالا، زخمیوں کو طبی امداد کیلئے د ھیرکوٹ اور مظفرآباد منتقل کر دیا گیا ۔دوسری جانب ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کے شہر کمالیہ کے چک 706 گ ب کے قریب گنے سے بھری ٹریکٹر ٹرالی ٹرین سے ٹکرا گئی۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں ٹرین ڈرائیور اور عملے کے 4 افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ حادثے کے بعد ٹریکٹر کا ڈرائیور فرار ہو گیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق ریلوے پھاٹک نہ ہونے اور دھند کے باعث یہ حادثہ پیش آیا ہے۔ حادثے کا شکار ہونے والی راوی ایکسپریس لاہور سے شور کوٹ جا رہی تھی۔


