گوادر میں سی یو آئی کیمپس کا قیام نوجوان نسل کو بین الاقوامی سطح پر مقابلے کیلئے تیار کریگا، آغا حسن بلوچ
گوادر (نمائندہ انتخاب) وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ نے کہا ہے کہ ملک بھر بالخصوص بلوچستان میں سائنسی اور تکنیکی تعلیم کا فروغ موجودہ حکومت کے ترجیحی ایجنڈے میں سے ایک ہے۔ انہوں نے یہ بات گوادر میں کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد کیمپس کے قیام کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی جوکہ پی سی ایس آئی آر کیمپس گوادر کے احاطے میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں بی این پی کے کارکنان، پارلیمانی سیکرٹری، وزارت سائنس و ٹیکنالوجی، ڈاکٹر سید حسین عابدی، چیئرمین پی سی ایس آئی آر، ڈاکٹر محمد تبسم افضل، ریکٹر سی یو آئی، میر فاروق لانگو، ڈین بیوٹمز اور کئی سرکاری، سیاسی اور سماجی شخصیات بھی موجود تھیں۔ وفاقی وزیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ میں سی یو آئی کیمپس کا قیام درحقیقت ہماری متحرک قیادت سردار اختر جان مینگل کے وژنری ایجنڈے پر عمل درآمد میں سے ایک ہے، جن کا زیادہ زور صوبہ بلوچستان کے لیے تعلیمی اصلاحات لانے پر ہے۔ گوادر میں سی یو آئی کیمپس کا قیام ہماری نوجوان نسل کے لیے سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں قومی اور بین الاقوامی سطح پر مقابلہ کرنے کے لیے اہم کردار ادا کرے گا۔ وفاقی وزیر نے اس نیک مقصد کو عملی جامہ پہنانے کے لیے چیئرمین پی سی ایس آئی آر اور ریکٹر سی یو آئی کی کاوشوں کو سراہا۔ وفاقی وزیر نے بجٹ مختص کرنے کے لیے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی تاکہ کیمپس مارچ 2023ء تک فعال ہوسکے۔ انہوں نے وفاقی وزیر کی حیثیت سے چارج سنبھالنے کے بعد بلوچستان کمیونٹی خصوصاً تعلیمی وظیفہ اسکیم کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنے حالیہ اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ایس ٹی سی، گوادر کے طلبہ لیے فیس میں رعایت پر مناسب سطح پر غور کیا جائے گا اور مقررہ وقت پر اس کا اعلان کیا جائے گا۔ پارلیمانی سیکرٹری نے اپنے خطاب میں اعلیٰ تعلیم کے کردار پر بھی روشنی ڈالی اور امید ظاہر کی کہ اس یادگار اقدام پر عمل درآمد سے ملک، خاص طور پر گوادر کے نوجوان سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں گے۔ چیئرمین پی سی ایس آئی آر نے اپنے استقبالیہ کلمات میں گوادر کی ترقی کے لیے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا جبکہ ریکٹر سی یو آئی نے یہ بھی یقین دلایا کہ یہ کیمپس ملک کے دیگر کیمپس کے برابر ہوگا۔ تقریب سے بی این پی کے مرکزی کمیٹی کے ممبر کہدہ علی سمیت دیگر نے خطاب کیا۔


