25 افغان باشندوں کی ہلاکت کا اعتراف کرکے پرنس ہیری نے اپنی ساکھ متاثر کی، سابق برطانوی کمانڈر
لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) پرنس ہیری کے 25 افغان شابندوں کو ہلاک کرنے کے بیان پر سابق برٹش کمانڈر کا ردعمل۔ برطانوی شہزادے ہیری نے اپنی آنے والی سوانح عمری ‘اسپیئر’ میں انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے افغانستان میں تعیناتی کے دوران 6 فضائی مشن کیے اور 25 افغان شہریوں کو ہلاک کیا۔ شہزادہ ہیری نے اپنی کتاب میں لکھا ہے کہ انہوں نے افغانستان میں بطور اپاچی ہیلی کاپٹر پائلٹ ڈیوٹی کے دوران 25 افراد کو ہلاک کیا۔ انہوں نے لکھا کہ ’افغانستان میں تعیناتی کے دوران میرا نمبر 25 رہا، یہ نمبر میرے لیے باعث اطمینان تو نہیں لیکن باعث شرمندگی بھی نہیں، جنگی حالت میں مارے جانے والوں کو شطرنج کے مہرے سمجھ کر بساط سے ہٹایا۔‘ خیال رہے کہ ڈیوک آف سسیکس شہزادہ ہیری کی سوانح عمری ’اسپیئر‘ 10 جنوری کوشائع ہو رہی ہے۔ تاہم شہزادہ ہیری کے 25 افغان باشندوں کو ہلاک کرنے کے اعتراف پر رچرڈکیمپ جو افغانستان میں برٹش کمانڈر رہ چکے ہیں کا ردعمل سامنے آگیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق رچرڈکیمپ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ شہزادہ ہیری نے 25 افغان باشندوں کو ہلاک کرنے سے متعلق بیان دینے کا غلط فیصلہ کیا اور اپنی ساکھ کو داغدار کردیا۔ انہوں نے کہا کہ ہیری نے اس بیان کے بعد اپنی سکیورٹی کو خطرے میں ڈال دیا ہے،ان کا یہ بیان لوگوں کو بدلہ لینے پر اکسا سکتا ہے۔ دوسری جانب برطانوی وزارت دفاع کے ترجمان نے کہا کہ سکیورٹی وجوہات پر متعلقہ آپریشن میں ہلاکتوں پر تبصرہ نہیں کر سکتے جبکہ 25 افغان باشندوں کی ہلاکت پر وزیراعظم رشی سونک نے بھی تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے۔


