اسرائیل کا صومالی لینڈ کو تسلیم کرنا عالمی امن کیلئے سنگین خطرہ ہے، او آئی سی وزرائے خارجہ کا مشترکہ اعلامیہ

کراچی (ویب ڈیسک) اسرائیل کے صومالی لینڈ کو تسلیم کرنے پرپاکستان سمیت اسلامی ممالک نے مشترکہ مذمتی اعلامیہ جاری کردیا۔ مشترکہ اعلامیہ میں پاکستان،فلسطین، قطر، سعودی عرب، صومالیہ، سوڈان شریک تھے، اس کے علاوہ ترکیہ، یمن، اردن، مصر، الجزائر، کوموروس، جبوتی، گیمبیا، ایران، عراق، کویت، لیبیا اور مالدیپ بھی مشترکہ اعلامیے کا حصہ تھے۔ دفتر خارجہ کے مطابق مشترکہ اعلامیہ میں نائجیریا، عمان اور او آئی سی بھی شریک تھے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق اسرائیل کی مذمت کرنے والے ممالک میں متحدہ عرب امارات، بحرین، مراکش شامل نہیں ہیں، متحدہ عرب امارات، بحرین، مراکش نے امریکی حکومت کے معاہدہ ابراہیمی پر دستخط کر رکھے ہیں۔ ترجمان کا بتانا ہے کہ اعلامیہ او آئی سی کے وزرائے خارجہ کی جانب سے جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق اسرائیل کا صومالی لینڈکو تسلیم کرنا بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے، اسرائیلی اقدام افریقا کے ہارن اور بحیرہ احمر کے امن کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صومالیہ کی وحدت اور علاقائی سالمیت کو نقصان پہنچانے والا کوئی اقدام قبول نہیں، ریاستوں کے حصوں کو تسلیم کرنا عالمی امن کے لیے خطرناک مثال قائم کرتاہے، ایسے اقدامات یو این چارٹراوربین الاقوامی اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہیں۔ اعلامیے کے مطابق اسرائیلی اقدام عالمی امن و سلامتی کے لیے شدید خطرات پیدا کرتا ہے، صومالی لینڈ سے متعلق اسرائیلی فیصلہ اس کے توسیع پسندانہ عزائم کا عکاس ہے، اعلامیے میں فلسطینیوں کی جبری بےدخلی کےکسی بھی ممکنہ ربط کومکمل مسترد کردیاگیا۔ مشترکہ اعلامیے کے مطابق فلسطینیوں کو ان کی سرزمین سے زبردستی نکالنے کی کوشش قبول نہیں ہے، اسلامی ممالک اوراو آئی سی کا صومالیہ کی خودمختاری پرمتفقہ اورواضح مو¿قف ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں