سعودی عرب کی وادی الرمۃ میں 14 سال بعد پانی آگیا
ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک)سعودی عرب میں حالیہ بارشوں کے بعد مشہور وادی ’’ الرمۃ‘‘ میں 14 سال بعد پانی آ گیا۔ ایک شاندار منظر میں ’’سعودی وادیوں کا شیخ‘‘ کہلائی جانے والے اس وادی میں بارش کا پانی بہتا ہوا نظر آرہا ہے۔ لوگوں نے اس طرح کے خوبصورت مناظر سوشل میڈیا پر شیئر کرنا شروع کردئیے ہیں۔ قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہونے کیلئے لوگوں نے وادی کا رخ کر لیا ہے اور ساتھ ہی علاقے میں ٹریفک کی روانی کنٹرول کرنے کیلئے متعلقہ محکموں نے بھی کام شروع کر دیا ہے۔سعودی علاقے ’’القصیم‘‘ کے لوگوں نے بارش کے حالیہ سیزن کے بعد اس وادی کے بہاؤ اور یہاں پہنچنے والے پانی کے لمحات کی تصاویر لیکر آگے منتقل کرنا شروع کر دی ہیں۔یہ وادی علاقے کے لوگوں کے لیے ایک عوامی پارک ہے۔ بہت سے لوگوں نے بتایا کہ یہ وادی 14 سال میں پہلی مرتبہ زیر آب آئی ہے۔ یہاں پانی کے بہاؤ کے گرد آنے والے لوگوں کے درمیان جشن کا سماں ہے۔ماہر موسمیات، ڈاکٹر خالد الزعاق نے تصدیق کی کہ وادی الرمۃ کی ندی میں پانی کا بہاؤ مکمل ہوگیا ہے ۔ اس سے قبل 1440 ہجری میں موسلا دھار بارشوں کے بعد اس ندی میں پانی کا بہاؤ مکمل ہوا تھا۔


