پی ڈی ایم اور وفاقی حکومت میں شامل جماعتوں نے ملک کی معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا ہے،عمران خان

کوئٹہ(انتخاب نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیراعظم عمران خان سے لاہور میں عمران ٹائیگرز کے مرکزی ممبر خواجہ شمس الحسن، بلوچستان کے کپتان سعید اللہ خآن کاکڑ، کوئٹہ ریجن کے کپتان عزیز خان کاکڑ، کوئٹہ ڈسٹرکٹ کے کپتان نظرزدران،ژوب ریجن کے کپتان کمانڈرنور کاکڑ،پشین ڈسٹرکٹ کے کپتان حاجی محمد، پی بی 29کے کپتان ابراہیم کاکڑ نے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران عمران ٹائیگرز کی کارکردگی اور پارٹی کی فعالیت کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پی ڈی ایم اور وفاقی حکومت میں شامل جماعتوں نے ملک کی معیشت کا بیڑہ غرق کرکے رکھ دیا ہے اور ملک ڈیفالٹ ہونے کے قریب پہنچ چکاہے عوام مہنگائی اور بے روزگاری کے ہاتھوں خود کشیاں کرنے پر مجبور ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے اپنے ساڑھے تین سال دور اقتدار میں ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پرگامزن کیا لیکن پی ڈی ایم اوردیگر وفاقی حکومت میں شامل جماعتوں کو یہ ترقی ہضم نہیں ہوئی اور انہوں نے ایک سازش کے تحت پی ٹی آئی کی حکومت ختم کی۔انہوں نے کہا کہ ملک اسوقت سنگین بحرانوں کا شکارہے آئی ایم ایف سمیت کوئی بھی ملک پاکستان کو امداد دینے کیلئے تیار نہیں ہے ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکالنے کا واحد حل فوری طور پر صاف اورشفاف انتخابات کا انعقاد ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف عوام کی طاقت پر یقین رکھتی ہے اورانشاء اللہ آنے والا دور پاکستان تحریک انصاف کا ہی ہے پاکستان تحریک انصاف بلوچستان سمیت ملک بھرسے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرکے دوبارہ اقتدارمیں آئے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں