60 سال کی عمر کو پہنچنے والے فیڈرل لیویز اہلکاروں کو پنشن بند، متاثرین کا احتجاج
کوئٹہ (انتخاب نیوز) فیڈرل لیویز کو بلوچستان لیویز میں ضم کرکے 60 سال کی عمر کے ملازمین کو فارغ کرکے انہیں پنشن کی ادائیگی نہ کرنے کیخلاف بلوچستان بھر سے سینکڑوں لیویز ملازمین نے سوموار کو کوئٹہ میں میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے سبزہ زار پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ حکومت نے فیڈرل لیویز کے سینکڑوں ملازمین کو بلوچستان لیویز میں ضم کردیا ہے اور حکومت کی جانب سے 60 سال کی عمر کو پہنچنے والے فیڈرل لیویز کے اہلکاروں کو پنشن بند کردی ہے۔ اس کے علاوہ پہلے فیڈرل لیویز کے ملازمین کو جب وہ ضعیف العمر ہوجاتے تھے تو ان کے بیٹے کو ملازمت دی جاتی تھی اور وہ سلسلہ بھی ختم کردیا ہے حالانکہ ہماری تخریب کاری کے واقعات کے تدارک میں قربانیاں ہیں اور ہمیں یک قلم جنبش دیوار کے ساتھ لگانے کی کوشش کی جارہی ہے جس کی ہم مذمت کرتے ہیں حکومت اس مسئلے کے حل پر توجہ دیں اور ہمارے معاملے کو سنجیدگی کے ساتھ حل کرنے کیلئے کردار ادا کریں بصورت دیگر ہم صوبہ بھر میں سڑکوں پر نکل کر سراپا احتجاج ہوں گے جس سے حالات کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔ مظاہرین اپنے مطالبات کے حق میں پر نعرہ بازی کرتے ہوئے پر امن طور پر منتشر ہوگئے۔


