سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے9 ارب ڈالر امداد کا اعلان قابل تعریف ہے، شیری رحمان

جنیوا(انتخاب نیوز)وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان اور اقوام متحدہ کی جانب سے جینوا کانفرنس میں عالمی شراکت داروں نے بھرپور مدد کا اعادہ کیا ہے۔ سیلاب کے بعد پاکستان کے ریزیلینٹ ریکوری، بحالی اور تعمیر نو فریم ورک کی تعمیل میں عالمی اداروں اور ممالک کی جانب سے 9 ارب ڈالر سے زائد امداد کا اعلان قابل تعریف ہے۔ ان خیالات کااظہار شیری رحمان نے منگل کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ شیری رحمان نے کہا کہ یہ رقم سیلاب زدگان کی مکمل بحالی اور تعمیر نو کیلئے استعمال ہوگی۔ عالمی دنیا نے پاکستان میں سیلاب اور ماحولیاتی تبدیلیوں کی تباہ کاریوں کا اعتراف کیا ہے۔ پاکستان کو سیلاب زدگان کی بحالی اور بنیادی ڈھانچے کی تعمیر نو کیلئے وسائل درکار تھے۔ یہ پاکستان کی ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔ انہوںنے کہا کہ اس سارے عمل میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کی مسلسل کاوشیں قابل تحسین ہیں، سیلاب کے بعد وہ عالمی سطح پر پاکستان میں کمزور اور متاثرہ لوگوں کی آواز بن کے سامنے آئے۔ حکومت پاکستان کی اولین ترجیح سیلاب زدگان کو ان کے گھر اور زندگیاں واپس دینا ہے۔انہوںنے کہا کہ ہم اس حوالے سے مسلسل جدوجہد کر رہے ہیں اور اس مشن میں مکمل کامیابی تک چین سے نہیں بیٹھے گے۔ دوسری طرف ملک میں ایک جماعت مسلسل انتشار اور غیریقینی کی صورتحال پیدا کرنے میں مصروف ہے۔ عالمی دنیا دیکھ رہی ہے کہ ہماری اور اس جماعت کی ترجیحات میں کتنا فرق ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں