سندھ میں بلدیاتی انتخابات 15 جنوری کو ہی ہوں گے، الیکشن کمیشن
کراچی (انتخاب نیوز) الیکشن کمیشن نے حکومت سندھ کی جانب سے 15 جنوری کو کراچی، حیدرآباد اور دادو میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات 15 جنوری کو ہی ہوں گے۔ الیکشن کمیشن میں چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں کراچی کے اہم اضلاع میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کے حوالے سے حکومت سندھ کی درخواست کے ساتھ ساتھ پنجاب اسمبلی کی ممکنہ تحلیل کا معاملہ زیر بحث آیا۔ دوران اجلاس الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومت کی جانب سے کراچی، حیدرآباد اور دادو میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کا انعقاد 15 جنوری کو ہی ہوگا۔ اجلاس میں حکومت سندھ کی درخواست اور نوٹی فکیشنز پر غور کیا گیا جس میں صوبائی حکومت نے کراچی ڈویژن، حیدرآباد اور دادو ضلع کی دو تحصیلوں خیرپور ناتھن اور مہر میں 15 جنوری کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی۔ الیکشن کمیشن نے اس ضمن میں قانونی اور آئینی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبائی حکومت کی بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست کو نامنظور کردیا۔ الیکشن کمیشن نے حکم دیا کہ کراچی ڈویژن، حیدرآباد اور دیگر اضلاع میں انتخابات شیڈول کے مطابق 15 جنوری کو ہی ہوں گے اور اس ضمن میں الیکشن کمیشن ایک آرڈر جاری کر رہا ہے۔ الیکشن کمیشن نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ وزارت داخلہ کو کہا جائے گا کہ انتخابات کے دوران انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر فوج، رینجرز کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے۔


