پی ٹی آئی نے صوبے کو عمران کیلئے استعمال کیا، پختونخوا کے عوام کیلئے نجات کا دن آگیا، ایمل ولی

پشاور (انتخاب نیوز) عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا کے صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ کل پورا دن اپوزیشن کو عدم اعتماد لانے کیلئے منتیں کرنے والی تبدیلی سرکار سے آج عوام کو نجات مل جائیگی۔ ہم نے کل ہی ان پر واضح کردیا تھا کہ ہم مزید اپنے اس صوبے میں عوام کے مینڈیٹ کی چوری کے نتیجے میں آنے والوں کو برداشت نہیں کرینگے۔ آج پختونخوا کے عوام کیلئے نجات کا دن ہے۔تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کی جانب سے آج پختونخوا اسمبلی کے تحلیل کرنے کے دعوں پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر ردعمل دکھاتے ہوئیعوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر کا کہنا تھا کہ ان لوگوں کو اب اپنی اہمیت کا اندازہ ہوجائیگا جب ان کے تخت اور کرسیاں نہیں رہیں گی۔ ان کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے بی آر ٹی پر سپریم کورٹ سے حکم امتناعی، مالم جبہ، بلین ٹری اور ایسے کئی کرپشن پراجیکٹس سمیت پختونخوا کا خالی خزانہ ہی کافی ہے۔ ایمل ولی خان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے10 سال تک پختونخوا کو عمران کیلئے استعمال کیا۔ 2013 میں ہم نے گردشی قرضے ختم کردیے تھے جبکہ صوبے کے قرض کو 97 ارب تک محدود کردیا تھا، آج صوبہ 987 ارب سے زائد کا مقروض ہے اور دو ماہ بعد صوبے کے پاس تنخواہوں کے پیسے بھی نہیں ہونگے، یہ پی ٹی آئی کی 10 سالہ کارکردگی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں