جماعت اسلامی کی کوئٹہ میں احتجاجی ریلی، الیکشن کمیشن کے سامنے دھرنا
کوئٹہ (انتخاب نیوز) جماعت اسلامی بلوچستان بلوچستان کے زیر اہتمام کراچی بلدیاتی الیکشن میں جماعت کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنے اور دھاندلی کے خلاف ضلعی امیر حافظ نور علی اور مولانا عبدالکبیر شاکر کی قیادت میں صوبائی الیکشن کمشنر کوئٹہ کے دفتر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا مظاہرین نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر نعرے درج تھے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ کراچی میں بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کے ذریعے جماعت اسلامی کا مینڈیٹ چرایا گیا جس کے خلاف آج ہم سراپا احتجاج ہیں جماعت کے مرکزی امیر سراج الحق کی اپیل پر آج ملک بھر میں مظاہرے ہورہے ہیں جماعت کے کارکنوں اور رہنما ں نے الیکشن اور پیپلز پارٹی کے خلاف نعرہ بازی کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں جماعت کے کراچی کے امیر حافظ نعیم کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کیا گیا ہے ہم پیپلز پارٹی اور الیکشن کمیشن کے گٹھ جوڑ کی مذمت کرتے ہیں کراچی کے عوام نے بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی کو ووٹ دیکر اپنا حق رائے دہی جماعت کے نامزد امیدواروں کو کامیاب کرانے کے لئے استعمال کیا ہے ہم کسی کو بھی عوامی اور جماعت اسلامی کے مینڈیٹ کو چرانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ مظاہرین نے آصف علی زرداری کے خلاف نعرہ بازی کرتے ہوئے کہا کہ 48 گزرنے کے باوجود انتخابی نتائج کا اعلان نہیں کیا جارہا ہم انہیں چور نہ کہیں تو کیا کہیں۔ جماعت اسلامی اپنے مینڈیٹ کو چرانے اور حافظ نعیم کی کامیابی اور ان کے حق پر کسی کو ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ دھرنے اور مظاہرے کی وجہ سے امداد چوک اور زرغون روڈ پر ٹریفک جام ہونے کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔


