پی ٹی آئی اراکین اسمبلی نے اسپیکر ہاؤس جانے سے روکنے پر دھرنا دیدیا
اسلام آ باد(انتخاب نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی نے اسپیکر ہاس جانے سے روکنے پر پارلیمنٹ ہاس کے باہر دھرنا دے دیا۔ عامر ڈوگر کی قیادت میں پی ٹی آئی اراکین قومی اسمبلی پارلیمنٹ ہاوس پہنچے تاہم سکیورٹی حکام نے پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کو پارلیمنٹ داخل ہونے سے روک دیا گیا اور پاکستان تحریک انصاف کے اراکین کے لیے پارلیمنٹ ہاس کے دروازے بند کردیے گئے۔ پی ٹی آئی اراکین اسمبلی نے اسپیکر ہاس کے باہر دھرنا دے دیا، پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کے دھرنے کے باعث منسٹر انکلیو جانیوالا راستہ بند کر دیا گیا۔ پارلیمنٹ ہاوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما عامر ڈوگر کا کہنا تھا آج 45 اراکین اسمبلی اسپیکر آفس میں آئے تھے، ہم چاہتے ہیں سیکرٹری قومی اسمبلی یا اسپیکر ہم سے ملاقات کریں تاکہ استعفے واپس لیں۔ عامر ڈوگر کا کہنا تھا آج سینیٹ کا اجلاس تھا وہ بھی ملتوی کر دیا گیا، ہم اس کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی کی رہائش گاہ جائیں گے، آج اسپیکر کے گھر جا کر ان کے اسٹاف سے ملاقات کریں گے۔ پی ٹی آئی رہنما لال ملہی کا کہنا تھا عمران خان نے فیصلہ کیا کہ استعفے واپس لیں، ہم 45 ممبران نے استعفے واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔


