چیئرمین سینیٹ کا گاڑیوں پر جھنڈا لگانے کے معاملے پر رولنگ دینے کا فیصلہ

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے گاڑیوں پر جھنڈا لگانے کے معاملے پر رولنگ دینے کا فیصلہ کرلیا ۔ایوان بالا کے اجلاس کے دوران وفاقی وزرا، وزرائے مملکت، مشیر، معاونین خصوصی کی جانب سے گاڑیوں پر جھنڈا لگانے کے معاملے پر چیئرمین سینیٹ نے رولنگ دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔چیئرمین سینیٹ نے گاڑیوں پر جھنڈا لگانے کے معاملے پر ہدایت دی کہ بتایا جائے کہ گاڑیوں پر کون جھنڈا لگا سکتا ہے اور کون نہیں۔سینیٹر فاروق نائیک نے کہا کہ وفاقی وزرا، وزرائے مملکت، مشیر معاونین خصوصی کی جانب سے گاڑیوں پر جھنڈا لگایا جاتا ہے، ایک رولنگ دیں اور بتائیں کہ کون جھنڈا لگا سکتا ہے اور کون نہیں، اس پر رولنگ دیں یہ پاکستان کے جھنڈے کے احترام کی بات ہے۔یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ محمد خان جونیجو نے 1985 میں جھنڈا لگانے کی اجازت دی، بعد میں میں نے پارلیمان میں بیٹھنے والے وزرائے مملکت اور مشیروں کو جھنڈا لگانے کی اجازت دی۔انہوں نے کہا کہ بعض اشخاص کو وزیر مملکت کا اسٹیٹس دیا گیا ہے، اس اسٹیٹس کے ساتھ وہ اشخاص گاڑیوں پر جھنڈا لگا سکتے ہیں، یہ تو نہیں ہو سکتا کہ آپ اسٹیٹس دیں اور وہ نہ لگائیں یا پھر وہ اسٹیٹس آپ کو واپس لینا پڑے گا۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ میں اس معاملے پر رولنگ دوں گا، رولز اور آئین کو سامنے رکھتے ہوئے رولنگ دوں گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں