حاجی لشکری رئیسانی کی گورنر گلگت بلتستان اور دیگر سے ملاقاتیں

کوئٹہ، اسلام آباد (انتخاب نیوز) سینئر سیاستدان سابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی ، میر ہمایوں عزیز کرد ، گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ ، سابق رکن قومی اسمبلی طارق خٹک اور مصطفی نواز کھوکھر میں الگ الگ ملاقاتیں ، نوابزادہ لشکری رئیسانی نے عبداللہ جان بابت کی عیادت کی ، آج پشاور میں ہونے والے نیشنل ڈائیلاگ آن دی ری ایمیجننگ پاکستان سیمینار میں شریک ہوں گے۔ بلوچستان پیس فورم کے سربراہ سینئر سیاست دان سابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے جمعہ کو اسلام آباد میں انتہائی مصروف دن گزارا ، نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے میر ہمایوں عزیز کرد و دیگر کے ہمراہ بلوچستان ہاوس جاکر پشتونخوامیپ کے مرکزی سیکرٹری سابق صوبائی وزیر عبیداللہ بابت لالا کی عیادت کی اس موقع پر پشتونخوامیپ کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات رضا محمد رضا سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ دریں اثناء نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی سے سابق سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے ملاقات کی ملاقات میں سابق وفاقی وزیر میر ہمایوں عزیز کرد و دیگر بھی موجود تھے ، ملاقات میں دونوں رہنماوں نے آج پشاور میں ہونے والے نیشنل ڈائیلاگ آن دی ری ایمیجننگ پاکستان سیمینار کے حوالے سے تیاریوں اور انتظامات پر مشاورت کی۔ گزشتہ شب سابق وفاقی وزیر میر ہمایوں عزیز کرد نے گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ ، نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی سابق رکن قومی اسمبلی طارق خٹک و دیگر کے اعزاز میں عشائیہ دیا عشائیہ میں شریک رہنماﺅں کے درمیان سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیا ل کیا گیا۔ نوبزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی ، سابق وفاقی وزیر میر ہمایوں عزیز کرد ایک بڑے وفد کے ہمراہ آج پشاور میں ہونے والے نیشنل ڈائیلاگ آن دی ری ایمیجننگ پاکستان سیمینار میں شریک ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں