ہائی پروفائل سیاسی انکوائریاں کرنیوالا اینٹی کرپشن ہیڈ کوارٹر کا ویجلینس سیل سربمہر، ریکارڈ ضبط
لاہور (انتخاب نیوز) تمام ہائی پروفائل سیاسی انکوائریاں اور تحقیقات کرنے والے اینٹی کرپشن ہیڈکوارٹر کے ویجلینس سیل کو تالا لگا کر تمام ریکارڈ سربمہر کردیاگیا،بتایا گیا ہے کہ اینٹی کرپشن کے ویجلینس سیل میں جاری تمام ہائی پروفائل انکوائریوں،مقدمات،سورس رپورٹس کا مکمل ریکارڈ سربمہر کرکے ویجیلینس سیل میں داخلہ بند کردیاگیا۔ سابق وزیر اعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی کے مشیر برائے اینٹی کرپشن بریگیڈئر(ر)مصدق عباسی کے قریبی سمجھے جانے والے اینٹی کرپشن کے تمام افسران زیر عتاب آگئے۔لاہور سمیت صوبہ بھر کی تمام ہائی پروفائل انکوائریاں،تحقیقات اور سیاسی ٹاسک اینٹی کرپشن کے ویجلینس سیل کو سونپے جاتے تھے۔اینٹی کرپشن کے ویجلینس سیل کے ڈائریکٹر انور شاہ کو تین روز قبل عہدہ سے ہٹا کر کلوز ٹو ہیڈکوارٹر کردیاگیاتھا۔ڈپٹی ڈائریکٹر احمد سیف اللہ وٹو،اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد ارشدسمیت ویجلینس ٹیم کے تمام افسروں کے تبادلہ کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق ویجیلنس سیل میں تعینات اینٹی کرپشن کے تمام افسروں کی فہرستیں مرتب کرلی گئی ہیں۔ سیاسی انکوائریوں اور مقدمات میں آلہ کار بننے والے افسروں و اہلکاروں کو بھی جلد ہٹائے جانے کا امکان ہے۔ اینٹی کرپشن ہیڈکوارٹر کا ویجلینس سیل وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ،سابق ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری کے خلاف تحقیقات کررہاتھا۔وفاقی وزیر جاوید لطیف کے خلاف بھی اینٹی کرپشن ہیڈکوارٹر کا ویجیلنس سیل تحقیقات کررہاتھا۔مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے محمد اشرف،آئی جی اسلام آباد اکبر ناصر خان کے خلاف بھی ویجلینس سیل میں ہی مقدمہ درج ہوا جس کی تحقیقات جاری تھیں۔


