کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے حصول کیلئے ان کیساتھ ہیں، صدر مملکت، وزیراعظم

اسلام آباد (انتخاب نیوز) صدر مملکت عارف علوی اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کا تنازعہ اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر سب سے پرانے حل طلب مسائل میں سے ایک ہے،بھارتی قابض افواج کی طرف سے جاری ریاستی مظالم کشمیریوں کے عزم کو توڑ سکتی ہے اور نہ ہی ان کی جائز جدوجہد کو کمزور کر سکتی ہے،بھارتی اقدامات اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین بشمول چوتھے جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی ہیں، پاکستان، اقوام متحدہ اور سب سے بڑھ کر کشمیری عوام کے ساتھ کیے گئے وعدوں کا احترام کرے، ہم کشمیریوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں،ان کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے ۔یوم ِ یکجہتی کشمیر 5 فروری 2023 ءکے موقع پر اپنے پیغام میں انہوںنے کہاکہ ہم کشمیری عوام کے ناقابلِ تنسیخ حق ِ خود ارادیت کے حصول کیلئے ان کی جائز اور منصفانہ جدوجہد کیلئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کے اظہار میں یوم ِ یکجہتی کشمیر منا رہے ہیں، اس موقع پر ہم بھارتی قبضے کے خلاف کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی دہائیوں پرانی مزاحمت میں بے لوث قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔انہوںے کہاکہ ہم یہ دن عالمی برادری کی توجہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کی طرف مبذول کرانے کے لیے مناتے ہیں جن میں یہ کہا گیا تھا کہ جموں و کشمیر کے تنازعے کا حتمی فیصلہ عوام کی مرضی کے مطابق اقوام ِمتحدہ کے زیر اہتمام آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصوابِ رائے کے جمہوری طریقے سے کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں