کسی سیاسی پارٹی کا وفادار اہلکار ثابت کرنا سول سرونٹس کیلئے نامناسب ہے، فواد چوہدری
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر نائب صد راورسابق وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پنجاب میں بیوروکریٹس جو 25 مئی کے واقعات میں شامل تھے اور جن کو دوبارہ نقوی حکومت نے دھاندلی کی نیت سے پنجاب میں تعینات کیا ان سے کہتا ہوں خود پنجاب سے علیحدہ ہو جائیں،ریاست کے ساتھ اپنے حلف کا پاس کریں ،کسی سیاسی پارٹی کا وفادار اہل کار ثابت کرنا سول سرونٹس کیلئے نامناسب ہے۔ان خیالات کااظہار فواد چوہدری نے اتوار کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔فوادچوہدری نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو انتخابات کیلئے آج اجلاس منعقد کرنا چاہئے تھا،آئین اور عدالتی احکامات کو مذاق نہ بنائیں،عدالت کے واضح حکامات کے بعد بھی عام تاثر ہے کہ چونکہ الیکشن کمیشن منشیوں پر مشتمل ہے اسلام آباد کی طرح صوبائی الیکشن بھی نہیں کرائے گا ۔آئین کے ساتھ یہ کھلواڑملک کو مہنگا پڑے گا۔ فواد چوہدری نے کہا کہ ہمارے پاس آئین ہی متفقہ دستاویز ہے اگر آئین کو بھی روند دیا گیا تو پاکستان کی ریاست شدید خطرات کا شکار ہو جائیگی ، بہت ہو گیا آئین کی بالادستی کیلئے ہماری تحریک بالکل تیار ہے جیل بھرو سے اس تحریک کا آغاز ہو گا اور آئین کی بحالی تک تحریک جاری رہے گی۔


