خضدار میں سوتیلے بھائی کے مظالم کے شکار خاندان کی پریس کانفرنس، انصاف اور تحفظ دینے کا مطالبہ
خضدار (نامہ نگار) خضدار لزو کے رہائشی رئیس زادہ محمد عامر کرد، رئیس زادہ عمران کرد، پسران مرحوم رئیس، حبیب اللہ کرد نے اپنے بہن، بھائیوں کے ہمراہ خضدار پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم اپنی وراثتی اراضی میں کام میں مصروف تھے کہ ہمارے سوتیلے بھائی کے کارندوں نے ہم پر لاٹھیوں، ڈنڈوں سے حملہ آور ہوکر مجھے اور میرے بھائیوں کوشدید زخمی کرکے لہو لہان کردیا۔ بعد ازاں ہمارے گھر پر بھی ہلہ بول کر ہماری خواتین کو بھی زدو کوب کرکے زخمی کردیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم پر مظالم کا سلسلہ نیا نہیں، یہ ظلم ہمارے مرحوم والد کی حیات سے شروع ہے، تاہم جب وہ زندہ تھے ان کا دست شفقت ہمارے سر پر تھا تو ہماری جان و مال کسی حد تک محفوظ تھی لیکن جب سے ہمارے والد اس دنیا سے رحلت کرگئے تو ہم پر ظلم اور زیادتیوں کا سلسلہ تیز ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے والد مرحوم نے اپنی حیات میں ہمیں جائیداد دی اور ہم اپنے والد مرحوم کی دی ہوئی جائیداد سے گزر بسر کررہے ہیں لیکن ہمارے سوتیلے بھائی جوکہ ایک سیاسی جماعت کا اہم شخص ہے نے ہماری زندگی اجیرن کردی ہے، ہماری جائیداد کو ہم سے ہتھیانے کے لئے ہر حربہ استعمال کرکے ہم پر ظلم کی انتہا کر رکھی ہے اب تو نوبت یہاں تک پہنچ گئی کہ انہوں نے تمام حدیں عبور کرتے ہوئے اپنے کارندوں کے ذریعے پہلے ہم پر ڈنڈے برساکر جان سے مارنے کی کوشش کی اور بعد میں ہمارے ہی گھر میں ہماری خواتین، بہن، بھائیوں پر بدترین تشدد کرکے انہیں شدید زخمی کردیا۔ رئیس زادہ محمد عامر ان کے بہن بھائیوں نے کمشنر قلات، ڈپٹی کمشنر خضدار، ایس ایس پی خضدار سے پرزور اپیل کی کہ وہ ان کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بناکر انہیں انصاف دلائیں۔


