ڈیرہ اللہ یار، ڈیولپمنٹ آفیسر کے ناروا رویے کیخلاف معذور افراد کا ڈی او دفتر پردھرنا

ڈیرہ اللہ یار (انتخاب نیوز) ڈیرہ اللہ یار میں معذور افراد نے ڈیولپمنٹ آفیسر کے ناروا رویے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ڈی او دفتر کے سامنے دھرنا دے دیا، درجنوں معذور افراد نے یونین کے صدر مراد بلوچ کی قیادت میں ویل چیئر پر سوار ہو کر ڈیولپمنٹ آفیسر کے دفتر کے سامنے پہنچ کر احتجاجی دھرنا دیا اور شدید نعرے بازی کی، احتجاجی دھرنے کی جگہ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے معذور یونین کے صدر مراد بلوچ و دیگر نے کہا کہ محکمہ لوکل گورنمنٹ کے ڈیولپمنٹ آفیسر کا معذور افراد سے رویہ درست نہیں ڈی او آئے روز معذور افراد کو مختلف حیلے بہانے بنا کر دفتر کے چکر لگواتے ہیں، برتھ اور ڈیتھ سرٹیفکیٹس کے اجراءمیں جان بوجھ کر لیت و لعل سے کام لیا جاتا ہے، معذور افراد کے لیے کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں کی جا رہی، گزشتہ ہفتے سے معذور افراد روزانہ دفتر کے چکر لگا رہے ہیں لیکن انکی شنوائی نہیں ہو رہی، کبھی انٹرنیٹ نہ ہونے کا جواز پیش کیا جاتا ہے تو کبھی کوئی دوسرا بہانا بنایا جاتا ہے، احتجاجی دھرنے کی جگہ یونین کونسل بند مانک کے چیئرمین نذر محمد کھوسہ نے سنیئر ڈیولپمنٹ آفیسر احمد حسین چانڈیو اور معذور افراد میں کامیاب مزاکرات کروا کر احتجاجی دھرنا ختم کروا دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں