وزیراعلیٰ بلوچستان میرٹ کی بالادستی چاہتے ہیں تاکہ نوجوانوں کی حق تلفی نہ ہو، فرح عظیم شاہ

کوئٹہ : ترجمان حکومت بلوچستان محترمہ فرح عظیم شاہ نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی قیادت میں تعلیم صحت اور میرٹ کی اصولی پاسداری کیلئے کوشاں ہے۔ تعلیم یافتہ نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے احسن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ گریڈ 5 سے اوپر کی تمام ملازمتوں پر بھرتیاں پبلک سروس کمیشن کے ذریعے کروانے کے فیصلے سے میرٹ کا بول بالا ہو گا۔ تعلیم یافتہ نوجوانوں اور عوامی حلقوں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کے اس فیصلے کو سراہتے ہوئے ان کے احسن اقدامات کی تعریف کی ہے۔ ترجمان صوبائی حکومت فرح عظیم شاہ نے کہا کہ صوبے میں ہیلتھ کارڈ کا اجراءبھی کیا جا رہا ہے جس کے ذریعے ہیلتھ کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی اور ہر خاندان 10 لاکھ تک مفت علاج کروانے کی سہولت حاصل کر سکے گا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان صوبے میں تعلیم و صحت کی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ میرٹ کی بالادستی یقینی بنانا چاہتے ہیں تاکہ کسی بھی نوجوان کی حق تلفی نہ ہو اور وہ اپنی ایمانداری سے محنت اور لگن کا دامن تھامے رہیں ۔ عوام کے وسیع تر مفاد میں کیے گئے احسن اقدامات سے حکومت پر عوام کا اعتماد مذید بڑھا ہے۔ خوشحال بلوچستان کے وڑن کو سامنے رکھتے ہوئے عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں جن کا فائدہ براہ راست عوام کو پہنچ سکے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں