اعظم سواتی کی ضمانت منسوخی کی درخواست، سپیشل پراسیکیوٹر کی مہلت کی استدعا منظور
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)اسلام آباد ہائی کورٹ نے متنازع ٹوئٹ کیس میں اعظم سواتی کے ٹرائل سے متعلق سپیشل پراسیکیوٹر رضوان عباسی کی مہلت کی استدعا منظور کر لی۔ منگل کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں متنازع ٹوئٹ کیس میں اعظم سواتی کی ضمانت منسوخی کی ایف آئی اے کی درخواست پر چیف جسٹس عامر فاروق نے سماعت کی۔دورانِ سماعت اعظم سواتی عدالتِ عالیہ میں پیش ہوئے۔سپیشل پراسیکیوٹر رضوان عباسی نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ اعظم سواتی نے دوبارہ اداروں سے متعلق متنازع گفتگو کی ہے۔سپیشل پراسیکیوٹر نے متنازع گفتگو کے ٹرانسکرپٹ کا کچھ حصہ عدالت میں پڑھ کر سنایا۔عدالت نے سپیشل پراسیکیوٹر سے سوال کیا کہ ٹرائل کس اسٹیج پر ہے؟۔اسپیشل پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ اعظم سواتی پر ابھی چارج فریم ہونا ہے، وہ ضمانت کا غلط استعمال کر رہے ہیں۔عدالت نے انہیں ہدایت کی کہ آپ اس طرف ابھی نہ جائیں، ٹرائل جلد مکمل کرانے پر فوکس کریں۔سپیشل پراسیکیوٹر رضوان عباسی نے استدعا کی کہ مختصر سی تاریخ دے دیں، ٹرائل سے متعلق عدالت کو آگاہ کروں گا۔عدالت نے اعظم سواتی کے ٹرائل سے متعلق سپیشل پراسیکیوٹر رضوان عباسی کی مہلت کی استدعا منظور کر لی اور سماعت غیرمعینہ مدت تک ملتوی کردی ۔


