سبی تبلیغی اجتماع اور سبی میلے کے فل پروف انتظامات کئے جائیں گے، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ

سبی :ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ زاہد سلیم نے کہا ہے کہ عوام کی جان ومال کے تحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا صوبے میں امن و امان برقرار رکھنے میں سیکورٹی اداروں کے کئی افسران و جوانوں نے جام شہادت نوش کیا جن پر ہمیں فخر ہے ان کے مشن کو جاری رکھا جائے گا۔ سبی تبلیغی اجتماع میں سیکورٹی کے حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی سبی تبلیغی اجتماع میں شرکت کرنے والے ملک میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کے پیش نظر اجتماع گاہ کے اندر اور باہر سیکورٹی پر معمور پولیس اہلکاروں کے ساتھ تعاون کریں اور سیکورٹی پلان پر عملدرآمد کرتے ہوئے تبلیغی اجتماع کے موقع پر ٹریفک کے نظام کو رواں رکھنے کے لئے متبادل انتظاما ت کریں۔ان خیالات کا اظہارایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ زاہد سلیم، آئی جی پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ کے ہمراہ سبی کے دورے کے موقع پرسبی تبلیغی اجتماع اور سبی میلے میں امن وامان کی مجموعی صورتحال کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں امن و امان سے متعلق آمورکا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں امن وامان کی صورتحال ،جرائم کی روک تھام اور ان سے موثر انداز میں نمٹنے کیلئے لائحہ عمل اور اٹھائے گئے اقدامات پر غور کیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی وکمانڈنٹ بی سی سلمان چوہدری ،کمشنر سبی ڈویڑن شاہد سلیم قریشی، آر پی او منیر احمد شیخ اور دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔اجلاس کو سبی تبلیغی اجتماع اور سبی میلے کی مجموعی اور تازہ صورتحال ، سیکورٹی انتظامات اور دیگر متعلقہ آمورکے حوالے سے تفصیلی بریفینگ دیتے ہوئے کہا کہ سبی تبلیغی اجتماع اور سبی میلے کے فل پروف انتظامات کئے جائیں گے۔اجلاس میں آئی جی پولیس بلوچستان نے کہا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کیلئے پولیس کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔پولیس کے موجودہ وسائل کو بہتر اور موثر انداز میں استعمال میں لاتے ہوئے امن وامان کی صورتحال کو برقرار اور جرائم پیشہ عناصر کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے صوبے میں امن و امان کے سلسلے میں پولیس کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ عوام کی جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کیلئے پولیس کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں،بلوچستان پولیس نے مشکل حالات میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور آئندہ بھی صوبے کے عوام کی توقعات پر پورا اترے گی۔ انہوں نے کہاکہ لوگوں کا تحفظ اور صوبے میں امن و امان کو برقرار رکھنا ہماری اولین ذمہ داری ہے اور ہم کسی صورت اپنی اس اہم ذمہ داری سے غافل نہیں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں