کسی کی ماں بہن کو گرفتار کرنا اچھا نہیں لگتا، کالعدم تنظیمیں خواتین کو استعمال نہ کریں، ضیا لانگو

کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان کے وزیر داخلہ میر ضیاءلانگو نے کہا ہے کہ بلوچستان کے لوگوں کو امن و امان فراہم کرنا حکومت اور ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے۔ اپنے ایک بیان میں میر ضیاءلانگو نے کہا کہ کچھ دنوں سے بہت زیادہ تھریٹس تھیں، جن میں خودکش بمبار آنے کی اطلاعات بھی تھیں، خودکش بمبار میں خواتین خودکش حملہ آور کی بھی اطلاع تھی، جو کسی بھی جگہ حملہ کر سکتی تھی، اداروں کا کہنا تھا کہ وہ تمام صلاحیتیں بروئے کار لا کر تخریب کاری کے منصوبے کو ناکام بنائیں گے۔ صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ کراچی میں شاری بلوچ نے خودکش حملہ کیا جس کے پیچھے بہت سے لوگ کھڑے ہو گئے، کسی کی ماں بہن کو گرفتارکرنا ہمیں اچھا نہیں لگتا مگر جو قانون توڑے گا تو اس کیخلاف ایکشن ہوگا۔ کالعدم تنظیمیں بھی خواتین کو تخریب کاری کیلئے استعمال نہ کریں، مبینہ خودکش بمبار گرفتار ہونے والی خاتون کو عدالت میں پیش کیا جائے گا جہاں وہ اپنی صفائی پیش کرے۔ میر ضیاءلانگو نے مزید کہا کہ جو خودکش حملہ کرے گا اس کیخلاف کارروائی ہوگی، ملزمہ کو تمام قانونی سہولت فراہم کریں گے، سب کو انصاف کے دائرے میں لایا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں