پاکستانی قوم کو ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کی تکلیف کا پورا احساس ہے، مسعود خان

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکہ میںمتعین پاکستانی سفیرسردار محمد مسعود خان نے کہا ہے کہ ترکیہ میں آنے والے زلزلے کی شدت اور تباہی کی جھلک جزوی طور پر بین الاقوامی میڈیا کے ذریعے سامنے آئی ہے۔ حقیقتاً یہ تباہی بہت زیادہ ہے اور عوام کو ایک بڑی تباہی کے نتیجے میں پیدا ہونے والی متعدد آفات اور مشکلات کا سامنا ہے۔ ہمارے دل ترک بھائیوں کے لئے رنجیدہ ہیں جو ایک مہلک اور بڑی قدرتی آفت سے نبرد آزما ہیں۔ پاکستانی امریکن ڈاکٹروں کی جانب سے ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کے لئے منعقد کی جانے والی زوم ٹیلی تھون سے خطاب کرتے ہوئے سردارمحمد مسعود خان نے پاکستانی تارکین وطن سے امدادی سرگرمیوں میں دل کھول کر امداد کرنے کی اپیل کی ہے۔سردار مسعود خان نے کہا کہ پاکستانی قوم کو ترک بھائیوں کی تکلیف کا پورا احساس ہے اور ہم انکے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں۔ امریکہ میں ترکیہ کے سفیر حسن مورت مر جان بھی زوم ٹیلی تھون میں شریک تھے۔ ٹیلی تھون کے دوران خاص کر پاکستانی امریکی ڈاکٹروں کی جانب سے فوری ردعمل دیکھا گیا اور محض ایک گھنٹہ میں 3 لاکھ 65 ہزار ڈالرز کی امدادی رقوم جمع کی گئیں۔ مزید رقوم اور امدادی سامان متوقع ہے۔زلزلے کی آفت کا انتہائی ہمت اور حوصلے سے مقابلہ کرنے پر سفیر پاکستان نے ترک عوام اور حکومت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پوری پاکستانی قوم کی جانب سے صدر رجب طیب اردگان اور ترک قوم سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے ترک بھائیوں کے درد کو محسوس کرتے ہیں۔ قیمتی جانوں کے ضیاع پر لواحقین اور متاثرہ ترک عوام کے دکھ میں ہم برابر کے شریک ہیں ، یہ قدرتی آفت پوری انسانیت کے لئے سانحہ ہے۔ سفیر پاکستان مسعود خان نے کہا کہ ترکیہ میں پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلی پاکستان نے فوری طور پر امدادی سامان کے طیاروں اور ٹرکوں سمیت سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں اور طبی دستوں کو ترکیہ روانہ کیا۔ وزیرِ اعظم پاکستان نے ترک بھائیوں کے ساتھ پاکستانی عوام کی جانب سے اظہار یکجہتی کیلئے حال ہی میں ترکیہ کا دورہ کیا ہے۔مسعود خان نے کہا کہ امدادی سرگرمیوں میں ریسکیو، پناہ گاہیں ، خوراک ، پانی اور صحت کی سہولیات اولین ترجیحات ہیں۔ سفیر پاکستان نے زلرلہ متاثرین کی امداد بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ تین ماہ میں50 لاکھ سے زائد متاثرہ افراد کو فوری امداد کی ضرورت ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی جانب سے ریسکیو و بحالی کے ابتدائی مرحلے کیلئے کم از کم 1ارب ڈالر کی اپیل کی مکمل حمایت کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ متاثرہ افراد کی امداد کیلئے فنڈز کی فراہمی میں تاخیر نہیں ہونی چا ہیے۔ سفیر پاکستان مسعود خان نے ترکیہ میں زلزلے سے نمٹنے اور امدادی سرگرمیوں اضافے کے لئے ٹیلی تھون کے انعقاد پر ایسوسی ایشن آف فزیشنز آف پاکستانی ڈیسنٹ آف نارتھ امریکہ(اپنا)ا ور تنظیم کی قیادت کو سراہااس موقع پر(اپنا)نے امدادی سرگرمیوں کے لیے ترکیہ میں طبی مشن روانہ کرنے کی بھی پیشکش کی ۔ترکیہ کے سفیر حسن مورت مر جان نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شرکا کو زلزلے کی شدت اور اس کے نتیجے میں ہونے والی تباہی سے آگاہ کیا۔ترک سفیر نے مشکل کی اس گھڑی میں ترک عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی ، فوری اور فراخدلانہ تعاون پر پاکستانی حکومت ،عوام اوربالخصوص امریکہ میں مقیم پاکستانی تارکین وطن کا شکریہ ادا کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں