بارکھان واقعے کی تفتیش آئی جی خود کروا رہے ہیں، مغویان کی جلد بازیابی اور ملزمان کو کٹہرے میں لائیں گے، پولیس ترجمان
کوئٹہ (انتخاب نیوز) آئی جی پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ بارکھان کے واقعے کی خود اپنی نگرانی میں تفتیش کرارہے ہیں۔ ترجمان بلوچستان پولیس مظاہرین اور لواحقین کو یہ یقین دہانی کرائی جاتی ہے کہ خاندان کے بقیہ افراد کی بازیابی کیلئے اقدامات کیے گئے ہیں اور جلد بہتر پیشرفت کی توقع ہے۔ پولیس کی خصوصی ٹیمیں خفیہ اطلاعات کی بناءپر مغویان کی بازیابی کے لئے روانہ ہوگئی ہیں۔ گزشتہ رات عبدالرحمن کھیتران کی رہائش گاہ واقع کوئٹہ اور بارکھان کی پولیس نے جامع تلاشی کی۔ پوسٹ مارٹم اورایف آئی آر کی شفاف تحقیقا ت کے اہم بنیادی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے ملزمان کو قانون کے کٹہرے میںکھڑا کر دیا جائے گا۔ جلد حقائق کو منظر عام پر لانے کیلئے آئی جی بلوچستان خود تحقیقات کی نگرانی کر رہے ہیں۔ بااثر شخصیات بھی اگر معاملے میں ملوث پائی گئیں تو قانون کے یکساں نفاذ کو یقینی بنایا جائے گا۔ کسی بھی بااثرشخص کو اس کی حیثیت کی وجہ سے ریاعت نہیں دی جائے گی۔ قانونی چارہ جو ئی کی پیشرفت میں دقت کے پیش نظر مظاہرین کے ساتھ ہونے والے رابطے میں ان کو پر امن رہنے کی تلقین کی گئی ہے۔ صوبائی حکومت نے معاملے کی چھان بین کیلئے پہلے ہی جے آئی ٹی تشکیل دے دی ہے۔ معاملہ میں غفلت اور لاپروائی کے مرتکب افسران کیخلا ف سخت کارروائی ہوگی۔ آئی جی کی سر پرستی میں واقعے کی شفاف تحقیقات پولیس کی اولین ترجیح ہوگی۔


