اوستہ محمد، سانحہ بارکھان کیخلاف احتجاجی ریلی
اوستہ محمد(آن لائن)سانحہ بارکھان کے خلاف سماجی کارکن اور قبائیلی رہنما میر یوسف خان رند کی قیادت میں ریلی نکالی گئی ریلی میں مختلف مکاتب فکر کے افراد سمیت سیاسی سماجی کارکنوں بی این پی مینگل،نیشنل پارٹی،جمعیت علما اسلام،پیپلز پارٹی،کے سیکڑوں کارکن شریک ہوئے ریلی رند ہاس سے نکالی گئی جو مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی پریس کلب پہنچی جہاں مقررین نے سانحہ بارکھان کی مذمت کرتے ہوئے اسے انسانیت سوز واقع قرار دیا ریلی سے خطاب کرتے ہوئے میر محمد یوسف خان رند اور جے یو آئی کے مرکزی رہنما میر اسلم خان عمرانی نے کہا کہ ایک نام نہاد سردار نے بلوچوں کی شاندار روایات کو اپنے تکبر تلے کچل دیا ہے بے گناہ افراد کا بہیمانہ قتل اور نجی جیل میں قید خواتین اور بچوں پر انسانیت سوز تشدد انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ مبینہ طور پر جرم میں ملوث نام نہاد سردار کے خلاف فوری کاروائی کی جائے انہیں صوبائی کابینہ سے بر طرف کر کے گرفتار کیا جائے تاہم انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مبینہ ملزم کو تحفظ دیا جا رہا ہے ایف آئی آر میں ملزم کی بجائے نا معلوم کا اندراج مقتولین کو انصاف کا راستہ روکنے کے مترادف ہے انہوں نے کہا کہ نام نہاد سرداروں کے ظلم و جبر کا شکار بے بس اور مظلوم افراد کو تحفظ دینے کے لئے سماجی اور سیاسی کارکنوں کا ایک پیج پر اکھٹا ہونا خوش آئیند ہے انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے سرگرم تنظیموں کو غیر انسانی رویوں کی روک تھام کے لئے یکجا ہو کر ایسے عناصر کی حوصلہ شکنی کرنی ہوگی ریلی سے سنی تحریک کے سکندر علی بھٹی،پیپلز پارٹی کے شان ثاقب ابڑو،سید ذوالفقار شاہ جیلانی،نیاز علی عمرانی،اور دیگر نے خطاب کیا۔


