انسانی اسمگلرز اور سہولتکاروں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ، لاہور اور کوئٹہ میں ٹاسک فورس قائم

اسلام آباد (انتخاب نیوز) وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) محسن حسن بٹ نے حالیہ دنوں ہونے والے کشتی حادثات پر رپورٹ طلب کرلی۔ ڈائریکٹرجنرل ایف آئی اے نے انسانی اسمگلرز کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دے دیا اور کہا کہ انسانی اسمگلرز اور ان کے سہولت کار بین الاقوامی مجرم ہیں۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر انسانی اسمگلرز کی جانب سے غیر قانونی طریقوں سے بارڈر پار کرنے والے مواد پر بھی کارروائی کا حکم دے دیا۔ ڈی جی ایف آئی اے نے مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے انٹر ایجنسی ٹاسک فورس کا اجلاس بھی طلب کرلیا۔ محسن حسن بٹ کا کہنا ہے کہ انٹرایجنسی ٹاسک فورس میں شامل اداروں کے ساتھ مل کرمو¿ثر حکمت عملی بنائی جائیگی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کشتی حادثات میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے پاکستانیوں کے لواحقین سے رابطے تیز کیے جائیں، حادثے میں ملوث انسانی اسمگلرز کے خلاف درج انکوائریز اور کیسز کی تحقیقات جلد مکمل کی جائیں۔ ڈی جی ایف آئی اے نے ملزمان کی گرفتاری کیلئے ایف آئی اے لاہور اور بلوچستان زون میں ٹاسک فورس بنادی ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ دنوں اٹلی اور لیبیا میں کشتی ڈوبنے کے دو واقعات ہوئے ہیں جن میں مجموعی طور پر 7 پاکستانی جاں بحق ہوئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں