عمران پہلے ڈراتے، پھر معافیاں مانگتے ہیں، گرفتاری سے بچنے کیلئے ہیومن شیلڈ کھڑی کردی، مصدق ملک
اسلام آباد : وزیر مملکت برائے پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ ایک سابق وزیراعظم کو بیٹے سے سے تنخواہ نہ لینے پر مجرم بنادیا گیااور ایک سابق وزیراعظم عمران خان نے گرفتاری سے بچنے کےلئے ہیومن شیلڈ کھڑی کردی ہے،عمران خان صرف پولیس کے ڈر سے این آر او مانگ رہے ہیں ۔ اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے دعویٰ کیا تھا کہ قانون سب کےلئے برابر ہونا چاہئے کمزور اور طاقت ور کےلئے الگ الگ قانون نہیں ہونا چاہئے، لیکن آج وہ سابق وزیراعظم نے گرفتاری سے بچنے کےلئے ہیومن شیلڈ کھڑی کر دی ہے ۔ آپ پر کون سا قانون لاگوہو تا ہے ؟ اگر آپ پر قانون لاگو نہیں ہو تا تو یہ جاگیردارانہ نظام ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ کے دعوے میں بھی عمران خان دہر ا معیار رکھتے ہیں ، عمران خان لوگوں کو اداروں کے خلاف استعمال کر رہے ہیں ،ایک سابق وزیراعظم کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر مجرم بنادیا گیا اور تاحیات نا اہل کر دیا گیا ، عمران خان خود جیل نہیں جاتے دوسروںکے بچوں کو جیل بھیجنے کےلئے راغب کرتے ہیں ، کہتے ہیں مجھے بچاﺅ ، میرے سامنے کھڑے ہو جاﺅ، عمران خان کسے کہہ رہے کہ بات کرنے کو تیار ہیں وہ صرف پولیس کے ڈر سے این آر او مانگ رہے ہیں ،ہجوم اکٹھا کر کے اداروں کو مرعوب بنانے کی کوشش کی جار ہی ہے ۔ عمران خان پہلے ڈراتے ہیں پھر معافیاں مانگتے ہیں۔ایک شخص ریاست کا شہزادہ ہے جس پر قانون لاگو نہیں ہو تا ، روس سے گیس خریداری پر معاملات جلد طے پاجائےں گے ، گھریلو صارفین کےلئے کھانا بنانے کے اوقات گیس کی فراہمی کو یقینی بنا یا جار ہا ہے ۔


