پی ایس ایل 8، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو 4 وکٹوں سے ہرا دیا

راولپنڈی (انتخاب نیوز) پی ایس ایل (پاکستان سپر لیگ) کے 22 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مارٹن گپٹل کی شاندار اننگز کی بدولت کراچی کنگز کو 4 وکٹوں سے شکست دیدی۔ راولپنڈی کرکٹ گراﺅنڈ میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ کے کپتان سرفراز احمد کی جانب سے ٹاس جیت کر کراچی کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ کراچی کنگز کا آغاز اچھا نہ رہا اور اننگز کی پہلی ہی گیند پر نسیم شاہ نے میتھیو ویڈ کو وکٹوں کے پیچھے کیچ آﺅٹ کرا دیا، طیب طاہر اور قاسم اکرم بھی بالترتیب 7 اور 8 رنز بنا کر آﺅٹ ہوگئے۔ تجربہ کار مڈل آرڈر بیٹر شعیب ملک بھی 13 رنز کے مہمان ثابت ہوئے جبکہ وکٹ کیپر بیٹر ایڈم روسنگٹن نے 69 رنز کی اننگز کھیلی، عماد وسیم 30 اور عامر یامین 23 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے۔ کراچی کنگز نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز اسکور کیے جبکہ کوئٹہ کی جانب سے نسیم شاہ اور ایمل خان نے دو دو کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کی جانب سے دیا گیا 165 رنز کا ہدف آخری اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا، مارٹن گپٹل 4 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 56 گیندوں پر 86 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ سرفراز احمد نے بھی 29 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی جبکہ محمد نواز 15 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں