اداکار ستیش کوشک 66 برس کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے چل بسے
نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک)لبوں پر مسکراہٹ بکھیرنے والے بالی ووڈ کے سینئر اداکار اور ہدایتکار ستیش کوشک آج صبح 66 برس کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے چل بسے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار انوپم کھیر نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے اپنے قریبی دوست کی موت کی خبر دی۔انہوں نے بتایا کہ ہدایتکار ستیش کوشک نئی دہلی میں ایک دوست کی رہائش گاہ پر تھے کہ انہیں دل میں تکلیف کی شکایت ہوئی جس پر انہیں اسپتال لے جایا جارہا تھا کہ انہیں دل کا دورہ پڑگیا۔اس سے قبل ایک اور ٹویٹ میں، انوپم کھیر نے لکھا تھا کہ وہ ہدایتکارستیش کوشک کی اچانک موت کے بارے میں سن کر صدمے میں ہیں۔انہوں نے مزید لکھا کہ ’میں جانتا ہوں کہ موت ایک تلخ حقیقت ہے لیکن میں نے کبھی خوابوں میں بھی نہیں سوچا تھا کہ مجھے اپنے سب سے اچھے دوست ستیش کوشک کے بارے میں یہ لکھنا پڑے گا کہ 45 سالہ دوستی کو یوں اچانک ’فل اسٹاپ’ لگ جائے گا۔ تمہارے بغیر زندگی کبھی پہلے جیسی نہیں ہوگی ستیش‘۔اداکار کی اچانک موت کی خبر سن کر بالی ووڈ انڈسٹری کے کئی فنکار رنج و غم میں مبتلا ہوگئے اور ستیش کوشک کی وفات پر اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔واضح رہے کہ ستیش کوشک بھارتی اداکار، کامیڈین، اسکرین رائٹر، ہدایتکار اور پروڈیوسر تھے۔ وہ 13 اپریل 1956 کو ہریانہ میں پیدا ہوئے، انہوں نے بالی وڈ میں ڈیبیو کرنے سے قبل تھیٹرز میں کام کیا۔ستیش کوشک کو 1987 کی سپر ہٹ فلم مسٹر انڈیا میں کیلنڈر کے کردار سے کافی پذیرائی ملی تھی۔ اس کےعلاوہ انہوں نے1990 میں انیل کپور کی فلم رام لکھن اور 1997 میں ساجن چلے سسرال کے لیے فلم فیئر کا بہترین کامیڈین کا ایوارڈ بھی جیتا تھا۔ہدایتکاری کی بات کریں تو ستیش کوشک نے روپ کی رانی چوروں کا راجا، پریم، ہم آپ کے دل میں رہتے ہیں اور سلمان کی مشہور فلم تیرے نام ڈائریکٹ کی۔