اگر میں نے تحائف کو غلط حاصل کیا تو ضرور کارروائی کی جائے، شاہد خاقان عباسی
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ اگر میں نے تحائف کو غلط حاصل کیا تو ضرور کارروائی کی جائے۔اسلام آباد میں جوڈیشل کمپلیکس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ توشہ خانہ میں میرا بھی نام آیا ہے، بیرون ملک سے اگر کوئی تحفہ ملتا ہے تو اسے توشہ خانہ میں جمع کرایا جاتا ہے۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ توشہ خانہ تحفہ کی قیمت کا تعین کراتا ہے، تحفہ کو حاصل کرنے کے لیے رقم ادا کرنا پڑتی ہے، اگر میں نے تحائف کو غلط حاصل کیا تو ضرور کارروائی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ برسوں سے لوگ احتساب عدالتوں کے چکر لگاتے ہیں فیصلے نہیں ہو رہے ہیں، نئے چیئرمین غریب لوگوں کے کیسز ختم کریں، سیاست دانوں کے بے شک چلائیں۔سابق وزیر اعظم نے کہا کہ نئی پارٹی بنانے کی کوئی کوشش نہیں، پاکستان سیاسی جماعتوں میں خود کفیل ہے،پاکستان میں 140 پارٹیاں موجود ہیں۔


