صوبائی الیکشن کمشنر کا پنجاب میں سکیورٹی کے غیر مناسب انتظامات پر شدید تحفظات کا اظہار

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)پنجاب میں انتخابات کے حوالے سے مخصوص اور جنرل نشستوں کیلئے ریٹرننگ افسران کے دفاتر میں کاغذات نامزدگی وصول کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔صوبائی الیکشن کمشنر سعید گل نے پنجاب میں سکیورٹی کے غیر مناسب انتظامات پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریٹرننگ افسران کو سکیورٹی کے حوالے سے مشکلات کا سامنا ہے، پنجاب حکومت نے سکیورٹی کے اطمینان بخش انتظامات نہ کئے تو الیکشن کمیشن کو خط لکھا جائے گا اور حالات ایسے ہی رہے تو انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں ہو گا،الیکشن کمیشن پنجاب سے جاری تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب میں الیکشن کمیشن کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق مخصوص نشستوں کیلئے دفتر صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب میں اور جنرل نشستوں کے لیے ریٹرننگ افسران کے دفاتر میں کاغذات نامزدگی وصول کرنے کا سلسلہ جاری ہے، حکومت پنجاب کی طرف سے دفتر صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب اور ریٹرننگ افسران کے دفاتر میں فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کی بار بار یقینی دہانی کرائی گئی تھی لیکن کاغذات نامزدگی وصول کروانے کے اس مرحلے پر ہی صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب اور ریٹرننگ افسران کو سیکیورٹی کے حوالے سے مشکلات کا سامنا ہے ،صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب سعید گل نے سیکیورٹی کے غیر مناسب انتظامات پرشدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے آگاہ کیا کہ سیکیورٹی عملے کی کم تعداد کے باعث کاغذات نامزدگی وصولی کے دوران ناخوشگوار واقعات پیش آ رہے ہیں جن کے ساتھ نمٹنے کیلئے پنجاب حکومت کی جانب سے اطمینان بخش انتظامات نہیں کئے گئیجس کے نتیجے میں امن و امان کے حالات شدید خراب ہو رہے ہیں. صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے کہا کہ پنجاب حکومت کی طرف سے اگر دفتر صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب اور ریٹرننگ افسران کے دفاتر میں سیکیورٹی کے اطیمنان بخش انتظامات نہ کئے گئے اور ایسے حالات درپیش رہے تو اس صورت میں وہ الیکشن کمیشن کو خط کے ذریعے آگاہ کریں گے کہ ان حالات میں جبکہ پنجاب حکومت اپنے فرائض سر انجام دینے سے پہلو تہی کر رہی ہے ایسی صورت میں انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں ہے، صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے اس بات پر زور دیا کہ انتظامیہ اور پنجاب حکومت کی طرف سے ریٹرننگ افسران کے دفاتر میں مناسب اور فول پروف سیکیورٹی مہیا کی جائے. تاکہ الیکشن کے تمام عوامل کو بخوبی سر انجام دیا جا سکے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں