اسلام آباد میں فسطائیت عروج پر،پولیس ہمارے کارکنوں کو پکڑنے کیلئے چھاپے مار رہی ،عمران خان
لاہور،اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اورسابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں فسطائیت اپنے عروج پر ہے جہاں پولیس ہمارے کارکنوں کو پکڑنے کیلئے بغیر وارنٹس گھروں پر چھاپے مار رہی ہے۔ان خیالات کااظہار عمران خان نے سوموار کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ جہاں کارکن گھروں میں موجود نہیں وہاں10برس تک کے کم سِن بچوں کو اٹھایاجارہاہے۔ہمارے وہ تمام کارکن اور ان کے بچے فوراً رہا کئے جائیں جنہیں اغوا کیا جاچکاہے!۔جبکہ پی ٹی آئی سیکرٹری جنرل اسد عمر کا سوموار کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ایک دفعہ پھر ایک اور دہشتگردی کے پرچے کی ضمانت کے لئے عدالت میں حاضر ہوں۔ ملک کو معاشی اور سیاسی تباہی کا سامنا اور حکومت کا سارا وقت جھوٹے مقدمات بنانے میں خرچ کرنا ،کیا چاہتے ہیں اس ملک کے ساتھ؟۔


