ڈیرہ اللہ یار میں بااثر افراد ہماری زمینوں پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں، انصاف دلایا جائے، متاثرین

جعفر آباد : ڈیرہ اللہ یار کے رہائشیوں اللہ ڈنہ لاشاری اور محمد صادق لاشاری نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ ڈسٹرکٹ پریس کلب جعفرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کچھی بولان کے موضع دوسا جانان لاشاری میں انکے آباو اجداد کی ملکیت ساڑھے 12 ہزار ایکڑ زرعی زمینوں پر بااثر افراد قبضہ کرنا چاہتے ہیں، بااثر افراد نے زمینوں پر اپنے مسلح افراد بٹھا کر ہمیں ہماری ملکیت پر جانے نہیں دے رہے اور تیار فصل بھی کاٹ رہے ہیں جسکے باعث ہمیں کروڑوں روپے کے مالی نقصان کا سامنا ہے، ہماری زمینوں اور ملکیت پر قبضہ کرنے والے افراد تاج محمد رئیسانی، داود بنگلزئی، فرید رئیسانی، سلام رئیسانی و دیگر کے خلاف کمشنر نصیرآباد، ڈپٹی کمشنر کچھی و دیگر حکام کو درخواستیں دے چکے ہیں تاہم کہیں بھی ہماری شنوائی نہیں ہو رہی، انتظامیہ بھی پس پردہ انکی حمایت اور پشت پناہی کر رہی ہے، جانبے کی تیار فصل انتظامیہ نے اپنی تحویل میں لینے کی بجائے ہمارے مخالفین کے حوالے کر دی ہے، ہمیں اپنی زمینوں پر جانے نہیں دیا جا رہا، آئے روز قتل اور دیگر سنگین نوعیت کی دھمکیاں موصول ہو رہی ہیں، عدم تحفظ کا شکار ہیں، انتظامیہ کی لاپرواہی کسی بڑے قبائلی تصادم کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتی ہے، ہم پرامن قبائلی ہیں، کسی قسم کا تصادم نہیں چاہتے، مگر اپنی ملکیت پر کسی کا قبضہ برداشت نہیں کرینگے، انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو، کور کمانڈر بلوچستان و دیگر اعلیٰ حکام سے نوٹس لیکر انصاف فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں